اوڈیشہ : دلتوں کو مندر میں جانےسے روک دیا گیا؟
بھونیشور۔۔۔۔۔۔اڈیشہ کےضلع جگت سنگھ پور میں دلت طبقے سے تعلق رکھنے والوں کو دھمکی دیتے ہوئے مندر میں جانے سے روک دیا گیا۔ اعلیٰ ذات کے لوگوں پر الزام ہے کہ انہوں نے دلت خواتین کے ساتھ گالم گلوچ اور نازیبا رویہ اپنایا جس سے گاؤں میں خوف کا ماحول پیدا ہو گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ریپور پاٹن گاؤں میں رہنے والے 22 دلت خاندان کو اس وقت خوف کے سائے میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں جب اعلیٰ ذات کےلوگوں کے خلاف شکایت پولیس اسٹیشن میں درج کرائی گئی ۔ خوف وہراس کے عالم میں دلتوں نے ریاستی حقوق انسانی کمیشن کا دروازہ کھٹکھٹایا ۔ گاؤں کے دلت رہنمابنج کشور سیٹھی نے میڈیاکے نمائندوں سےبات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ اعلیٰ ذات کے لوگوں نے دلتوں کومذہبی رسومات کی ادائیگی سے منع کردیا ۔ جب خواتین نے اس کی مخالفت کی تو ان کے ساتھ نازیبا رویہ اپنایا گیا۔اعلی ذات کے بعض رہنماؤں کے دباؤ میں آکر پولیس نے ابھی تک ان لوگوں کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔ مقامی پولیس اہلکاروں کے مشورے پردلتوں کو مندر میں جانے کیلئے علیحدہ دروازہ تعمیر کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔ دلت رہنما دیویندر کمار ملک نے کہا کہ ہندوستان میں 1955 میں ذات پات کی بنیاد پرکی جانیوالی تفریق پرپابندی عائد کی گئی تھی لیکن دلتوں کے ساتھ آج بھی تفریق برقرار ہے۔