سندھ چھیننے کی ساز ش ہورہی ہے،بلاول
کراچی ... پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ حکومت پہلے انسان بنے پھرحکمران۔عوام پس رہے ہیں۔جووزیرکہہ رہے ہیں معیشت ترقی کررہی ہے وہ مستعفی ہوجائیں۔ حکومت ہوش کے ناخن لے۔ حکومت عوام کی مدد کے بجائے ان کا معاشی قتل کررہی ہے۔ عوام مہنگائی کے سونامی میں ڈوب رہے ہیں۔ الیکشن میں بدترین د ھاندلی کے باجود حکومت ہم سے سندھ نہیں چھین سکی۔ اب سندھ کی جمہوریت کے خلاف سازش کی جارہی ہے۔ جمعرات کو بے نظیر بھٹو پارک میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے شجرکاری شروع کرنا اچھا اقدام ہے ۔یہ سلسلہ آگے بڑھاتے ہوئے لیاری اور ملیر تک بڑھائیں گے۔ چاہتے ہیں کہ پھل دار درخت لگائیں تاکہ عوام کو آکسیجن اور ٹھنڈک کے ساتھ پھل کھانے کا موقع بھی مل سکے۔ ماحولیات کو بہتر کرنا بہت ضروری ہے۔آصف زرداری کے وژن کے مطابق کام کررہے ہیں۔انھوں نے ایک آدمی ایک درخت کی مہم چلائی تھی۔ سندھ حکومت نے درخت لگانے میں 3 مرتبہ گنیزبک آف ورلڈ ریکارڈ توڑا۔ کوشش ہے زیادہ سے زیادہ پھل کے درخت لگائیں۔انہوںنے کہاکہ ہند میں مودی پالیسی چل رہی ہے۔ اپوزیشن کو ملک دشمن قرار دو۔ مودی جیسی پالیسی پی ٹی آئی میں بھی چل رہی ہے۔کالعدم تنظیموں کے ساتھ الیکشن ملکر لڑے گئے۔ 3 وزیر ہیں۔ ان میں سے ایک نے کالعدم تنظیموں کی حمایت کی اور ایک وزیر نے اسمبلی میں کہا کالعدم تنظیموں کے خلاف بات ملک دشمنی ہے۔ ایک وزیر کی سوشل میڈیاپر وڈیو بہت وائرل ہوئی۔ وہ وزیر ایک کالعدم تنظیم سے کہتاہے جب تک ہماری حکومت ہے آپ کےخلاف کارروائی نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اس قسم کے لوگوں کو نئے پاکستان کی کابینہ میں نہیں ہونا چاہئے۔ کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی اپوزیشن کا مطالبہ ہے۔ حکومت کی نیت پر شک ہے۔انہوںنے کہا کہ جووزیرکہہ رہے ہیں معیشت ترقی کررہی ہے وہ مستعفی ہوجائیں۔انہوں نے کہاکہ سندھ میں سیاسی انجینئرنگ کی کوششیں چل رہی ہیں۔ دھاندلی کے باوجودہم سے سندھ نہیں چھین سکے تواب سازش کررہے ہیں، تمام غیر جمہوری کوششوں کو ناکام بنائیں گے۔بلاول نے کہا شادی سے متعلق سوال کاجواب پریس کانفرنس میں نہیں دوں گا۔ اگر شادی کاجواب ابھی دیا تو یہ پوری پریس کانفرنس اسی میں ختم ہوجائے گی۔