ریاض :خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی نگرانی اور شرکت سے ریاض میں آج منعقد ہونے والی اونٹوں کی دوڑ میں سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک خاتون بھی حصہ لے رہی ہیں۔
شہزادی جمیلہ بنت عبدالمجید بنت سعود کے اونٹ بھی دوڑ میں حصہ لے رہے ہیں۔ اس اعتبار سے وہ مقابلے میں پہلی مرتبہ شریک ہونگی۔
شہزادی جمیلہ، شہزادہ عبدالمجید کی صاحبزاد ی ہیں۔ شہزادہ عبدالمجید سعودی عرب کے سابق فرمانروا شاہ سعود کے 19ویں بیٹے ہیں۔ شہزادی جمیلہ متعدد صلاحیتوں کی حامل خاتون ہیں۔ اونٹوں کی ریس میں شرکت انکا پسندیدہ مشغلہ ہے۔عالمی سطح پر گھڑ سواری اور مقابلے میں بھی حصہ لیتی رہی ہیں۔ عالمی شہرت یافتہ گھوڑا ’’میکسموس‘‘ انکی ملکیت ہے۔ وہ تجریدی آرٹ کی ماہر بھی ہیں۔
اس سے قبل جدہ میں منعقد ہونے والی نمائش میں ان کے فن پارے پیش کئے گئے تھے۔ شہزادی جمیلہ متعدد رفاعی انجمنوں کی سرپرستی بھی کرتی ہیں۔ مختلف شعبوں میں سعودی خواتین کی نمائندگی میں بھی سرگرم ہیں۔