”اونٹوں کا شاہ عبدالعزیز میلہ “
اتوار 24مارچ 2019ءکو سعودی عرب سے شائع ہونے والے اخبار ”عکاظ“ کا اداریہ نذر قارئین ہے
ریاض میں اونٹوں کا شاہ عبدالعزیز میلہ روایتی شان و شوکت کیساتھ منعقد کیا گیا۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان نے اس کی سرپرستی کی۔اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سعودی حکومت معاشرے کے حقیقی ورثے نیز اسلامی اور عرب تاریخ کو زندہ رکھنا چاہتی ہے۔بانی مملکت شاہ عبدالعزیز کے دور سے لیکر تاحال اونٹوں اور انکے مالکان کی سرپرستی حکومت کا شیوہ ہے۔
اونٹو ںکے شاہ عبدالعزیز ایوارڈ کا سلسلہ بتا رہا ہے کہ سعودی عرب اپنے تمدنی ورثے کو بھی منعکس کرنا چاہتا ہے اور ساتھ ہی نئی نسل کو آباﺅ اجداد کے ورثے سے بھی جوڑنا چاہتا ہے۔ سعودی عرب نے اونٹوں کا کلب بھی قائم کیا ہے۔ سعودی معاشرے میں اونٹنی اور اس کے مالکان کی بڑی اہمیت رہی ہے۔ اس سے سعودی معاشرے کی بنیادی ضرورتیں جڑی ہوئی ہیں۔اونٹوں کے شاہ عبدالعزیز میلے کو پہلی بار بین الاقوامی رنگ دیا گیا ہے۔ غالباً نقطہ نظر یہ ہے کہ اسکی بدولت سعودی معاشرے کو ثقافتی اور اقتصادی فوائد حاصل ہونگے۔ سعودی عوام اور خلیجی ممالک کے باشندے اونٹوں کی اہمیت کو جانے پہچانیں گے۔ میلے میں خلیجی ممالک کے باشندے اونٹیوں کے ساتھ شریک ہوئے۔ اس موقع پر متعدد رنگا رنگ پروگرام پیش کئے گئے جنہیں معاشرے کے مختلف طبقوں نے انتہائی پذیرائی بخشی۔
٭٭٭٭٭٭٭