تھریسامے کو دھچکا،بریگزٹ ڈیل تیسری مرتبہ بھی مسترد
لندن ...برطانوی پارلیمنٹ نے بریگزٹ معاہدے کو تیسری مرتبہ بھی مسترد کردیا۔ ڈیل مسترد کئے جانے کے بعد برطانیہ بغیر کسی معاہدے کے اگلے2ہفتوں میں یورپی یونین سے نکل جائے گا یا یورپی یونین سے اخراج طویل التوا کا شکار ہو جائے گا ۔جمعہ کو دارالعوام میں بریگزٹ ڈیل کو اراکین پارلیمنٹ نے246کے مقابلے میں344 ووٹوں سے مسترد کیا۔ اس سے قبل وزیر اعظم تھریسامے نے کہا تھا کہ اگر پار لیمنٹ ڈیل منظور کر لیتی تو وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں گی۔
برطانوی پارلیمنٹ سے بریگزٹ ڈیل مسترد کئے جانے کے بعد یورپی کمیشن نے کہا ہے کہ اب 12 اپریل کو نو ڈیل بریگزٹ یا ہارڈ بریگزٹ ہی ممکن ہے۔
واضح رہے کہ 2016 میں برطانیہ میں ہونے والے ریفرنڈم میں برطانوی عوام نے یورپی یونین سے اخراج کے حق میں ووٹ دیا تھا ۔وزیراعظم تھریسامے کو بریگزٹ معاہدے عملدرآمد میں مشکلات کا سامنا ہے۔