جدہ ..... گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نے کہا ہے کہ جدہ کو دنیا کے بہترین شہروں میں شمار کرنے کےلئے اہلیان تعاون کریں۔ یہ انکا اپنا شہر ہے جسے خوبصورت بنانا ہر ایک کی ذمہ داری ہے ۔ سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق گورنر مکہ مکرمہ نے جدہ میں بجلی کے 7 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا اور دیگر جاری منصوبوں کا جائزہ بھی لیا ۔گورنر مکہ مکرمہ نے کمشنر کے دفترمیں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ جدہ شہر کی اہمیت سے کسی کو انکار نہیں ۔اس شہر کی خوبی ہے کہ یہ جلد ہی ترقی کو قبول کر لیتا ہے۔ یہ سب کی ذمہ داری ہے کہ جدہ کی ترقی میں اپنا حصہ شامل کریں ۔ اس شہر کو خوبصورت اور دنیا کے ترقی یافتہ شہروں کی صف اول میں شامل کرنا ہے جس کے لئے جامع منصوبہ بندی کا عمل جاری ہے ۔ گورنر مکہ مکرمہ نے مزید کہا کہ اگر ترقی کو فوری قبول کرنے والا کوئی شہر ہے تو وہ جدہ ہے ۔ اہلیان شہر بھی اس بات کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں کہ وہ جدہ کو ترقی یافتہ شہروں میں شامل کریں ۔ گورنر مکہ مکرمہ کو جاری منصوبوں کے بارے میں تفصیلی طور پر مطلع کیا گیا ۔ منصوبوں پر جاری کام پر انہو ں نے اپنے اطمینان کا اظہار کیا ۔ شہزادہ خالد الفیصل نے مزید کہا کہ آئندہ برس کےلئے بڑے ترقیاتی منصوبے زیر غور ہیں جن سے یہ شہر مستقبل کے ترقی یافتہ شہروں کی صف اول میں شمار ہو گا ۔بعدازاں گورنر مکہ مکرمہ نے جدہ میں بجلی کے 7منصوبوں کا افتتاح کیا جن میں مختلف مقامات پر ہائی ٹینشن وولٹیج سپلائی اور دیگر امور شامل تھے ۔ منصوبوں پر 1.1 ارب ریال لاگت آئے گی ۔ منصوبے حی الشاطی ، شاہ عبدالعزیز ائیر پورٹ، قصر الموتمرات ، تیسرا صنعتی ایریا اور خلیج سلمان کا علاقہ شامل ہے ۔