نیوزی لینڈ: باتھ روم میں کیمرا لگانے پر فوجی افسر پر مقدمہ
نیوزی لینڈ میں بحریہ کے ایک سینیئر افسر کو باتھ روم میں خفیہ کیمرا نصب کرنے پر مقدمے کا سامنا ہے۔
نیوزی لینڈ کے مقامی میڈیا کے مطابق نیوی کے ایک سینیئر افسر پر الزام ہے کہ انھوں نے واشنگٹن میں نیوزی لینڈ کے سفارت خانے کے باتھ روم میں خفیہ کیمرا لگایا تھا۔
یہ کیمرا 2017میں امریکی دارالحکومت میں قائم نیوزی لینڈ کے سفارت خانے کی تیسری منزل پر لگایا گیا تھا۔
آکلینڈ کی عدالت میں کموڈور الفریڈ کیٹنگ پر فرد جرم عائد کی گئی ہے کہ اس نے ”ریکارڈنگ‘ ‘کی کوشش کی ۔
مقدمے کے آغاز سے قبل الفریڈکیتنگ نے کوشش کی کہ اس کی شناخت کو عام نہ کیا جائے ۔ ملزم نے عدالت سے کہا کہ ’ اس طرح اس کو مستقبل میں ملازمت کے حصول میں مشکل ہوگی اور فوج کا نام بھی بدنام ہوگا۔‘ تاہم عدالت نے اس کی یہ استدعا مسترد کر دی ۔
فرد جرم عائد ہونے پر الفریڈ کیٹنگ نے الزام قبول کرنے سے انکار کیا ۔
عدالت میں پیش کی گئی دستاویز کے مطابق ’یہ کیمرا باتھ روم کے اوپر تاروں کے ساتھ منسلک کیا گیا تھا اور اس کا پتہ اس وقت چلا جب پورا پینل زمین پر گرگیا۔‘
نیوزی لینڈ کے سفارت خانے میں اس وقت 60 افراد ملازمت کر رہے تھے۔
دستاویز کے مطابق ’کیمرے پر پڑی گرد کہ تہہ سے معلوم ہوا کہ اسے کئی ماہ قبل وہاں لگایا گیا تھا۔‘
کیمرے کے میموری کارڈ سے الفریڈ کیٹنگ کی انگلیوں کے نشانات ملے جبکہ اس کے کمپیوٹر میں کیمرے سے متعلقہ ڈرائیورز اور سافٹ وئیر بھی انسٹال کئے گئے تھے۔