لاہور ...سابق وزیر اعظم نواز شریف کا منگل کوشریف میڈیکل سٹی میں پھر طبی معائنہ کیا گیا۔ نواز شریف اپنے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کے ہمراہ شریف میڈیکل سٹی پہنچے تھے ۔
مسلم لیگ ن کے میڈیا سیل کے مطابق سابق وزیر اعظم کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میڈیکل بورڈ نے پرانے تمام ٹیسٹ ، رپورٹ، میڈیکل رکارڈ اور سفارشات کا جائزہ لیا ہے۔ بورڈ نے تفصیلی طبی معائنہ کیا ۔
نواز شریف کی گردن اور دماغ کو خون کی فراہمی مکمل نہیں مل رہی، ان کی 2شریانیں بند ہیں جو تشویشناک ہے ،اب دیکھنا ہے کہ ان شریانیوں کو سرجری سے کھولا جا سکتا ہے یا علاج کے ذریعے ۔
سابق وزیر اعظم کی صحت کے معاملات کے پیچیدہ ہیں،وہ اسپتال میں تو داخل نہیں البتہ گھر پر ڈاکٹروں کی نگرانی میں ہی رہتے ہیں۔ ان کا علاج جاری ہے اور یہ کبھی نہیں رکا۔نواز شریف کے دل کی دھڑکن متوازن رکھنے کیلئے مستقل پیس میکر لگانا پڑے گا جبکہ دل میں انٹروینشن کی بھی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر عدنان نے بتایاکہ پیس میکر لگانے کے لئے ٹائم لائن واضح نہیں کچھ اور چیزیں بھی ہیں جنہیں دیکھ رہے ہیں۔ علاج کا روڈ میپ ابھی طے نہیں کیا نہ ہی یہ بتا سکتے ہیں کہ علاج کب تک چلے گا۔علاج پاکستان میں ہوگا یا باہر ہوگا یہ ابھی فیصلہ نہیں کر پائے۔آئندہ ہفتے ہی کچھ کہا جا سکے گا۔
سابق وزیراعظم نواز شریف ایک گھنٹے سے زائد وقت تک شریف میڈیکل سٹی رہے۔ طبی معائنے کے بعد واپس روانہ ہو گئے ۔قبل ازیں نوازشریف سے ملاقات کےلئے آنے والے لیگی کارکنوں کو مین گیٹ پر روکاگیا ، سیکیورٹی گارڈ اور کارکنان کے درمیان دھکم پیل بھی ہوئی۔
The personal physician of Quaid PML-N Muhammad Nawaz Sharif, @Dr_Khan, updates the media about the health condition of former Prime Minister 2\3 pic.twitter.com/7wCBdkC2hu
— PML(N) (@pmln_org) April 9, 2019