حفر الباطن میں آتشزدگی، خاندان کے چار افراد ہلاک، ایک لڑکی کی شادی ہونے والی تھی
سعودی عرب کی حفرالباطن کمشنری میں گھر میں آگ لگنے سے یمنی خاندان کے 4 افراد ہلاک جبکہ 6 زخمی ہوگئے۔
مرنے والوں میں آٹھ ماہ کی بچی اور لڑکی جس کی شادی ہونے والی تھی شامل ہے۔
سبق نیوز کے مطابق آتشزدگی کا واقعہ طلوع سحر سے قبل اس وقت پیش آیا جب گھر کے افراد سوئے ہوئے تھے اور سردی سے بچنے کےلیے انہوں نے ہیٹرلگایا ہوا تھا جس میں آگ لگ گئی۔
آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی شہری دفاع کے فائرفائٹرز جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ شہری دفاع کے امدادی ٹیم نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔
العربیہ نیوز نے متاثرہ خاندان کے بزرگ عوض درویش کے حوالے سے بتایا ان کا کہنا تھا’ ہمارے لیے بہت بڑا سانحہ ہے تاہم یہ قدر ہے جس سے کسی کو مفر نہیں، سانحہ کی اطلاع پڑوسیوں نے دی۔‘
انہوں نے مزید کہا’ مرنے والوں میں تین لڑکیاں اور ایک چھوٹا بچہ تھا جبکہ ایک 18 سالہ جوان لڑکی جس کی شادی رمضان المبارک کے بعد ہونا تھی وہ اب اس دنیا میں نہیں رہی۔‘