الزلفی : ہلاک ہونیوالے چاروں دہشتگرد سعودی تھے، ترجمان قومی سلامتی
سعودی ادارہ قومی سلامتی کے ترجمان کی جانب سے الزلفی کمشنری میں ہونے والی دہشتگردی کے حوالے سے جاری بیا ن میں کہا گیا ہے کہ مرنے والے چاروں دہشتگرد سعودی تھے جن کا تعلق بد نام زمانہ دہشتگرد تنظیم داعش سے تھا ۔
حملہ آورں نے الزلفی کمشنری میں خفیہ پولیس کے ذیلی دفتر پر حملہ کرنے کی کوشش کی جس میں ناکام رہے ۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دہشتگردوں نے الزلفی کمشنری میں فارم ہاﺅس کرائے پر لے کر اس میں عارضی ٹھکانہ قائم کیا تھا جہاں وہ حملے کی تیاریاں کرتے رہے تھے ۔
ادارے قومی سلامتی کے ترجمان نے مزید بتایا کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے دہشتگردوں کے عارضی ٹھکانے کی نشا ندہی کرکے وہاں سے اسلحہ اور خودکش جیکٹس کے علاوہ دیسی طور پر بنائے جانے والے بم اور اس کی تیاری میں استعمال ہونے والا مواد برآمد کر لیا ۔ ملزمان کے ٹھکانے سے دیسی ساختہ 64 دستی بم ، 3 عدد سیٹلائٹ موبائل سیٹ ، 3 پریشر ککر جسے بم کے طور پر تیار کیاگیا تھا ۔دیسی طور پر تیار کئے گئے فیوز کے علاوہ وائرلیس سیٹ اور لیپ ٹاپ برآمد ہوئے ۔
جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے حملہ آوروں کا تعلق دہشتگرتنظیم داعش سے تھا انکے عارضی ٹھکانے سے تنظیم کا نشان ، ہینڈبلز اور سی ڈیز کے علاوہ ایک حملہ آور کا وصیت نامہ بھی ملا ہے ۔