پاکستان اور انگلینڈ کا پہلا ون ڈے بارش کی نذر
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیا ۔ میچ کسی نتیجے کے بغیر ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔
انگلینڈ کے کپتان این مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تاہم بارش کے باعث میچ مقررہ وقت سے ڈیڑھ گھنٹے بعد شروع ہوا۔ امپائرز نے اسے 47اوورز تک محدود کردیا تھا ۔
پاکستان کی طرف سے امام الحق اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا ۔ فخر زمان 3 رنز بنا کر جوفرا آرچر کی گیند پر سلپ میں کیچ آوٹ ہو گئے۔ 45کے مجموعی اسکور پر بابر اعظم بھی صرف 16 رنز بناکرپلنکٹ کی گیند پربٹلر کے ہاتھوں پویلین لوٹ گئے۔پاکستان نے2وکٹوں کے نقصان پر71 رنز بنائے تھے کہ بارش کے باعث میچ روک دیاگیا۔ بارش رکتے ہی کھیل دوبارہ شروع ہوا تو میچ کو 40 اوورز فی اننگز تک محدود کردیا گیا ۔
19ویں اوور میں پاکستان کا اسکور2 وکٹوں پر80رنز پر پہنچا تو بارش کے باعث کھیل دوبارہ رک گیا۔ اس وقت امام الحق42 اور حار ث سہیل14 رنز پر کھیل رہے تھے ۔ بعد ازاں میچ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ون ڈے سیریز کا دوسرا ون ڈے 11مئی کو ساوتھمپٹن میں کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ 2019ءسے قبل پاکستان انگلینڈ کیخلاف 5ون ڈے میچوں کی سیریز کھیل رہا ہے۔ون ڈے سیریز سے قبل کارڈف میں کھیلے گئے واحد ٹی ٹوئنٹی میں انگلینڈ نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔