Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کی مسلسل چوتھی شکست، آسٹریلیا نے کلین سوئپ پر نظریں گاڑدیں

دبئی: آسٹریلیا کے خلاف 5ون ڈے کی سیریز کے چوتھے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 6 رنز سے شکست دے کر سیریز میں0-4کی مضبوط پوزیشن حاصل کرلی ۔آسٹریلیا نے سیریز میں کلین سوئپ کیلئے 31مارچ کو کھیلے جانیوالے پانچویں اور آخری میچ پر نظریں گاڑ دیں۔آسٹریلیا کے 278 رنز کے ہدف میں پاکستان ٹیم عماد وسیم کی قیادت میں مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں پر 271 رنز بناسکی۔دبئی میں کھیلے گئے چوتھے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔ آسٹریلیا کی اننگز کا آغاز ایرون فنچ اور عثمان خواجہ نے کیا، ایرون فنچ 17 رنز بنا کر محمد حسنین گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔شان مارش، پیٹر ہینڈس کومب اور اسٹونس بھی یکے بعد دیگرے جلدآوٹ ہو گئے ، عثمان خواجہ نے نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے 62 رنز کی اننگز کھیلی۔اس کے بعد گلین میکسویل اور ایلکس کیرے نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے نصف سنچریاں اسکور کیں۔میکسویل نے 3چھکے اور 9چوکے لگا کر 98 رنز کی عمدہ اننگزکھیلی اور مین آف دی میچ رہے جبکہ کیرے نے 55 رنز کی اننگز کھیلی۔ محمد حسنین، عماد وسیم اور یاسر شاہ نے2،2کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔278 کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز شان مسعود اور عابد علی نے کیا ، شان مسعود پہلے ہی اوور میں بغیر کوئی رن بنائے بولڈ ہوگئے۔ حارث سہیل 25 رنز بنا کر ناتھن لیون کی گیند پر گلین میکسویل کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوگئے۔ڈبیو کرنے والے عابد علی نے وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہمراہ ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے میچ پر گرفت مضبوط کرنے کی پوری کوشش کی۔عابد علی نے پہلے ہی میچ میں 8 چوکوں کی مدد سے شاندار سنچری اسکور کی اور سلیم الٰہی اور امام الحق کے بعد ڈیبیو پر سنچری کرنے والے تیسرے پاکستانی بن گئے۔عابد علی اور محمد رضوان نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 144 رنز کی بڑی پارٹنر شپ بنائی تاہم 218 کے مجموعی اسکور پر عابد علی 112 رنز بناکر آوٹ ہوگئے۔ عمر اکمل، سعد علی اور عماد وسیم ڈبل فگر کئے بغیر آوٹ ہوگئے۔ محمد رضوان نے ایک بار پھر سنچری اننگز کھیلی اور 104 رنز بنائے تاہم جیت کے قریب آکر آوٹ ہوگئے۔ گرین شرٹس مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں پر 271 رنز بنا کر 6رنز سے میچ ہار گئی۔ عابد علی اور محمد رضوان کی سنچریاں میچ نہ جتوا سکیں ۔ آسٹریلیا کے کولٹر نائل نے 3 اورمارکوس اسٹوئینس نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ ون ڈے سیریز کا پانچواں اور آخری میچ اسی گراونڈ پر 31مارچ کو کھیلا جائے گا۔ 
  کھیلوں کی  مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ " اردو نیوزاسپورٹس" جوائن کریں

شیئر: