’ یہ ایک جذباتی سینچری تھی‘
جیسن رائے کا سنچری مکمل کرنے کے بعد ایک انداز
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے بیٹسمن جیسن رائے پاکستان کے خلاف چوتھے ون ڈے میں سینچری بنانے کا احوال بیان کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ میچ سے پہلے پوری رات وہ اپنی چھوٹی سی بیمار بیٹی کے ساتھ ہسپتال میں رہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جیسن رائے نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی ریڈیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رنز بنانے کے بجائے وہ اپنی بیٹی کے بارے میں زیادہ فکرمند تھے۔
ان کے مطابق’ یہ ایک جذباتی سینچری تھی، مجھے نہیں لگ رہا تھا کہ میں یہ کر پاؤں گا۔‘
بیٹی کو ہسپتال لے جانے کے بارے میں انہوں نے مزید کہا کہ’ وہ میری چھوٹی بیٹی تھی، ہم اس کو رات گئے 1:30 کے قریب ہسپتال لے گئے، میں ہسپتال میں صبح 8:30 تک اُس کے ساتھ رہا ، پھر میں ایک دو گھنٹوں کے لیے سویا اور وارم اپ سے پہلے میدان میں آیا اور پھر میں نے رنز بنانا شروع کیے۔‘
پاکستان نےانگلینڈ کو 341 رنز کا ہدف دیا تھا۔
وکٹ کیپر بٹلراور کیپٹن اوئن مورگن نے جیسن رائےکی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’ ہمیں یہ دیکھ کر اچھا لگ رہا تھا کہ جیسن اپنے کام کو جاری رکھے ہوئے تھے، وہ اچھی فارم میں تھے اور وہ اپنی سینچری مکمل کرنے لے لیے بے چین تھے۔‘
جیسن رائے پاکستان کے خلاف اس میچ میں مین آف دی میچ قرار پائے۔