دنیا کے مشہور ترین باڈی بلڈر اور ہالی ووڈ سٹار آرنلڈ شیوازنگر کو جنوبی افریقہ میں ایک نوجوان نے لات مار کر گرانے کی کوشش کی تاہم وہ بچ گئے ۔ پولیس نے حملہ آور نوجوان کو حراست میں لے لیا ہے۔
آرنلڈ نے ٹوئٹر پر لات مارے جانے کی ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ لات مارنے والا شہرت چاہتا تھا اسے زیاہ توجہ نہ دی جائے ۔ ’مداحوں کی جانب سے تشویش کا شکریہ، میں بالکل ٹھیک ہوں۔‘
سابق مسٹر اولمپیا اور امریکی ریاست کیلفورنیا کے سابق گورنر آرنلڈ شیوازنگر ان دنوں جنوبی افریقہ میں ہیں جہاں جوہانسبرگ میں ان کی کمپنی ’آرنلڈ سپورٹس فیسٹیول‘ کے مقابلے جاری ہیں ۔
ان کے ایک مداح ماریو لوپیز نے ٹوئٹر پر ویڈیو پوسٹ کر کے لکھا ہے کہ ’ایک احمق نے 71 سالہ آرنلڈ کو کک مار کر گرانے کی کوشش کی ہے مگر ان کو فرق نہیں پڑا۔ یہ ایسے ہی تھا جیسے کوئی مچھر کسی گینڈے کو لات مارے۔‘
آرنلڈ شیوازنگر نے ٹوئٹر پر اپنے مداحوں سے کہا ہے کہ اگر وہ ویڈیو دیکھنا چاہتے ہیں تو پوسٹ کی جا رہی ہے مگر حملہ آور کی شناخت کو واضح نہ کیا جائے تاکہ اسے کوئی توجہ نہ ملے ۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آرنلڈ مداحوں میں گھرے اپنے فون پر سنیپ چیٹ میں مصروف ہیں جب ان کے کمر پر پیچھے سے آنے والا ایک نوجوان فلائنگ کک مار کر گر جاتا ہے۔ اس دوران آرنلڈ کو ایک جھٹکا سا لگتا ہے۔
ایونٹ کے منتظمین نے حملہ آور کو قابو کر کے پولیس کے حوالے کیا ہے۔
آرنلڈ نے ٹوئٹر پر موجود اپنے 43 لاکھ فالوورز سے کہا ہے کہ وہ لات مارنے والے شخص کے بجائے فیسٹیول پر توجہ مرکوز رکھیں جہاں ہر عمر اور صلاحیت کے حامل 24 ہزار کھلاڑی 90 کھیلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔