انڈیا کی نئی کابینہ: سشما سوراج وزارت خارجہ سے فارغ
انڈیا کی نئی کابینہ: سشما سوراج وزارت خارجہ سے فارغ
جمعہ 31 مئی 2019 3:00
مودی کی نئی کابینہ میں سشما سوراج کو وزیر خارجہ کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ تصویر: اے ایف پی
انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی نے جمعہ کو دوسری مدت کے لیے اپنی کابینہ میں بڑی تبدیلیاں کی ہیں۔
انڈین میڈیا کے مطابق مودی کی نئی کابینہ میں سب سے حیران کن تبدیلی وزارت خارجہ کے قلم دان کی ہے جہاں سشما سوراج کو وزیر خارجہ کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے، ان کی جگہ سابق سیکرٹری خارجہ جے شنکر کو نیا وزیر خارجہ بنایا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق نریندر مودی نے اپنے دست راست اور بی جے پی کے سخت گیر موقف رکھنے والے صدر اُمیت شاہ کو بھی نئی کابینہ میں شامل کر لیا ہے۔ انہیں راج ناتھ کی جگہ وزارت داخلہ کا قلم دان دیا گیا ہے جبکہ راج ناتھ سنگھ کو وزارت دفاع کی ذمہ داری دی گئی ہے۔
امیت شاہ کابینہ میں پہلی بار وزیر کی حیثیت سے شامل ہوئے ہیں۔ انہیں انتخابات میں بی جے پی کی واضح کامیابی کے بعد وزارت کا قلم دان انعام کے طور پر دیا گیا ہے۔
وزیر دفاع نرملا ستھارامن سے وزارت دفاع کا قلم دان لے کر سابق وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کو وزیر دفاع کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔
نرملا ستھارامن کو ارون جیٹلی کی جگہ وزارت خزانہ کا قلم دان دیا گیا ہے۔
کانگریس کے سربراہ راہل گاندھی کو ان کے آبائی حلقے امیٹھی میں شکست دینے والی سمرتی ایرانی کو خواتین اور بچوں کے امور کی وزارت دی گئی ہے۔