تھائی لینڈ اور میانمار میں جمعے کو 7.7 شدت کا زلزلہ آیا جس کے نتیجے میں میانمار میں کم از کم 150 افراد ہلاک، جبکہ 700 سے زائد زخمی ہو گئے۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق بینکاک میں زیر تعمیر 30 منزلہ عمارت زمین بوس ہو گئی اور تاحال تین ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔
سوشل میڈیا پر عمارت گرنے کی ویڈیو گردش کر رہی جس میں لوگ چیخ و پکار کرتے اور بھاگتے نظر آ رہے ہیں۔
امریکی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی یہ اطلاع نہیں ہے کہ عمارت میں کتنے لوگ تھے۔
مزید پڑھیں
-
تائیوان میں 25 سال میں شدید ترین زلزلہ، سونامی کی وارننگ جاریNode ID: 848761
-
دہلی میں زلزلے کے دوران ’زوردار آوازیں‘ کیا تھیں؟Node ID: 886012
-
اسلام آباد سمیت پاکستان کے مختلف شہروں میں زلزلہNode ID: 887719
زلزلے کے بعد 6.4 شدت کے آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے اور لوگ عمارتوں سے باہر آ گئے جنہیں باہر رہنے کی ہدایت کی گئی۔
سکاٹ لینڈ کے سیاح فریسر مارٹن نے کہا کہ ’اچانک عمارت ہلنے لگی اور ہر طرف چیخ و پکار تھی، میں پہلے آرام سے چلتا رہا، لیکن جب عمارت نے اپنی جگہ سے ہلنا شروع کیا تو قریب ہی ایک پارک میں پناہ لی۔‘
امریکی جیولوجیکل سروے اور جرمنی کے جی ایف زیڈ ادارے نے کہا کہ زلزلہ کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی جس کا مرکز میانمار تھا۔
زلزلے کے مرکز کے قریب دوسرے شہر منڈالے میں سابق رائل پیلس کو کچھ نقصان پہنچا۔ اس علاقے میں زلزلے آتے رہتے ہیں لیکن آبادی کم ہے اور عمارتیں زیادہ اونچی نہیں ہیں۔