Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’دل والے دلہنیا نہیں بلکہ ’سلیکٹڈ‘ لے جائیں گے‘

قومی اسمبلی کے حالیہ بجٹ سیشن میں ملکی بجٹ کے ساتھ ساتھ وزیرِ اعظم عمران خان کو ’سلیکٹڈ‘ کہنے یا نہ کہنے کی بحث بھی خوب گرم ہے۔ 
گذشتہ روز یہ لفظ ایک بار پھر اس وقت قومی اسمبلی میں زیر بحث آیا جب قائد حزب اختلاف اور پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف نے سیشن کے دوران وزیر اعظم عمران خان کی موجودگی میں انہیں ’سلیکٹڈ‘ کہا جس پر اسمبلی میں خوب شور مچا۔
اس پر قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر نے اس لفظ کو قومی اسمبلی کی کاروائی سے حذف کرتے ہوئے اس کے استعمال سے گریز کرنے کا کہا۔
اس کے بعد اسمبلی کے مختلف اراکین نے سلیکٹڈ کی جگہ انگریزی کے دیگر الفاظ بار بار استعمال کیے اور یہ لفظ اجلاس کے ملتوی ہونے تک زیر بحث رہا۔
 خیال رہے کہ اس سے قبل بھی بجٹ سیشن کے دوران وفاقی وزیر پانی وبجلی عمر ایوب نے کہا تھا کہ وہ حکومتی بنچز کی جانب سے تحریک استحقاق لانا چاہتے ہیں تاکہ جو بھی رکن اسمبلی اس ایوان میں وزیراعظم کے لیے ’سیلیکٹڈ‘ کا لفظ استعمال کرے اس کو توہین پارلیمان کا مرتکب قرار دیا جائے جس پر قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر قاسم سوری نے عمران خان کے لیے ’سیلیکٹڈ‘ کا لفظ استعمال کرنے پر ایک رولنگ کے ذریعے پابندی عائد کر دی تھی۔
اب لفظ ’سلیکٹڈ‘ اور اس کے متبادل الفاظ کو لے کر سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے۔ کچھ صارفین فلموں کو ناموں میں ’سلیکٹڈ‘ استعمال کر رہے ہیں تو کچھ نے اس کام کے لیے گانوں کو چنا ہے۔
بالی وڈ کی فلم ’مائی نیم از خان‘ میں اداکار شاہ رخ خان کے مشہورِ زمانہ ڈائلوگ کو استعمال کرتے ہوئے علی خان پاشا نام کے ایک صارف نے لکھا ہے کہ ’مائی نیم از خان اینڈ آئی ایم ناٹ سلیکٹڈ‘، جس کے معنی ہیں ’میرا نام خان سے اور میں سلیکٹڈ نہیں‘۔

اس ٹرینڈ پر ایک گانے کے الفاظ بٹھاتے ہوئے قیصر تارڑ نام کے صارف نے ٹوئیٹ کیا۔
سیٹرونین نام کے ہینڈل نے بالی وڈ کی مشہور فلم ’ہم آپ کے ہیں کون‘ پر لکھا ’ہم آپ کے ہیں سلیکٹڈ‘۔

‘اطہر جاوید نام کے صارف نے فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ پر لکھا ’دل والے سلیکٹڈ لے جائیں گے۔

دوسری جانب کچھ صارفین عمران خان کی حمایت میں بھی سامنے آئے ہیں اور وزیر اعظم کا مذاق بنانے والوں سے ’میمز کا مقابلہ‘ کر رہے ہیں۔
انور احمد خواجہ نام کے صارف کا کہنا تھا کہ ایک بدعنوان وزیر اعظم سے ’سلیکٹڈ‘ وزیراعظم  بہتر ہے۔ ’مجھے اسٹیبلشمنٹ اور دوسروں کا نہیں معلوم مگر 2018 کے انتخابات میں میں نے عمران خان کو سلیکٹ کیا تھا۔‘

راٹھور سیز نام کے ہینڈل والے ایک صارف نے لکھا کہ اگر بدعنوان مافیا کو جیل میں ڈالنا سلیکٹڈ ہونے کی نشانی ہے تو وزیر اعظم اسی لیے منتخب ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان کو پہلی بار بلاول بھٹو نے 17 اگست 2018 کو حلف برداری کی تقریب کے دوران اپنے خطاب میں ’پرائم منسٹر سلیکٹ‘ کہا تھا جس کے بعد یہ لفظ حزب اختلاف کے کئی رہنماؤں نے اسمبلی میں اپنی تقریروں اور ٹی وی بیانات میں استعمال کیا۔

شیئر: