امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان سے شمالی اور جنوبی کوریا کی سرحد پر ملاقات کی ہے اور دونوں رہنماؤں نے مصافحہ بھی کیا ہے۔
اس موقعے پر امریکی صدر نے کہا ہے کہ شمالی اور جنوبی کوریا کے درمیان سرحد کو پار کرناان کے لیے باعث فخر ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ ’یہ پوری دنیا کے لیے ایک عظیم دن ہے، یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ میں یہاں ہوں۔‘
ٹرمپ کے بقول وہ کم جونگ ان کو وائٹ ہاؤس آنے کی دعوت بھی دیں گے۔
دوسری طرف شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ نے کہا ہے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ بہترین تعلقات کی وجہ سے دونوں ملکوں کے درمیان رکاوٹوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق شمالی کوریا کے رہنما نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مختصر ملاقات کی دعوت قبول کی تھی اور یہ دونوں رہنماؤں کی یہ تیسری ملاقات ہے۔
جاپان میں جی 20 اجلاس کے موقعے پر امریکی صدر نے شمالی کوریا کے رہنما کو جنوبی اور شمالی کوریا کے درمیان سرحد پر ملنے کی دعوت دی تھی۔
شمالی کوریا نے سنیچر کو ملاقات کی اس دعوت کا خیر مقدم کیا تھا۔
اس ملاقات میں مذاکرات نہیں ہوئےتاہم دونوں حریفوں کے درمیان یہ ملاقات تاریخی اہمیت کی حامل ہے۔