Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایمنسٹی سکیم: اثاثے ظاہر نہ کرنے والوں کے لیے کمیشن

مشیر خزانہ کے مطابق حکومت کے اخراجات میں 50  ارب روپے کی کٹوتی کی ہے۔ تصویر: اے ایف پی
پاکستان میں حکومت نے ٹیکس ایمنسٹی سکیم کی ڈیڈلائن میں تین دن کی توسیع کرتے ہوئے بے نامی جائیداد اور اثاثے ظاہر کرنے کی آخری تاریخ تین جولائی مقرر کی ہے۔
اتوار کو اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے خزانہ عبد الحفیظ شیخ نے سکیم میں 3 جولائی تک توسیع کرنے کا اعلان کیا۔
مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے وزیر مملکت برائے محصولات حماد اظہر اور معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایک بار پھر پاکستانی شہریوں سے بے نامی اثاثے ظاہر کرنے کی سکیم سے فائدہ حاصل کرنے کی اپیل کی۔
مشیر خزانہ نے کہا کہ 3 جولائی کو آئی ایم ایف بورڈ کی میٹنگ کے بعد پہلی گرانٹ جاری ہو جائے گی جس کے بعد ایشیئن ڈویلپمینٹ بینک اور ورلڈ بینک کا قرضہ بھی مل جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بین الاقوامی اداروں کے ساتھ مل کر معیشت میں اصلاحات لانا چاہتی ہے اور ’آئی ایم ایف کے پاس جانے کا مقصد یہ ہے کہ ہم سنجیدہ ہیں اور مشکل فیصلے کرنا چاہتے ہیں۔‘
حفیظ شیخ نے کہا کہ اثاثے ظاہر کرنے کی سکیم لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی کوشش ہے۔  
مشیر خزانہ نے بے نامی جائیدادوں کی چھان بین کے لیے کمیشن بنانے کا بھی اعلان کیا جس کا مقصد سکیم کی مدت ختم ہونے کے بعد اثاثے ظاہر نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنا ہے۔
مشیر خزانہ نے بتایا کہ اثاثے ظاہر کرنے کی سکیم کی تاریخ میں توسیع کا فیصلہ چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کی خواہش پر کیا گیا۔

بے نامی اثاثے ظاہر کرنے کی آخری تاریخ اب 30 جون سے بڑھا کر تین جولائی کر دی گئی۔ اے ایف پی

فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین شبر زیدی کے مطابق اب تک 80 ہزار سے زائد افراد نے اثاثہ جات ظاہر کرنے کی سکیم سے فائدہ اٹھایا ہے۔
حکومت نے 15 مئی کو صدارتی آرڈیننس کے ذریعے بے نامی جائیداد کو ظاہر کرنے کے لیے ایمنسٹی سکیم متعارف کروائی تھی ۔ اثاثے ظاہر کرنے کی سکیم کی ڈیڈلائن 30 جون رکھی گئی تھی۔
مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے حکومت کی کفایت شعاری مہم میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجودہ کے کردار کو قابل تحسین قرار دیا اور کہا کہ ہم نے سول حکومت کے اخراجات میں بھی 50  ارب روپے کی کٹوتی کی ہے۔
اس موقع پر وزیر مملکت برائے محصولات حماد اظہر نے کہا کہ موجودہ حکومت نے 10 ارب ڈالر قرضوں اور سود کی مد میں واپس کیے۔ انہوں نے کرنٹ اکاونٹ خسارہ 30 فیصد کم کرنے کا دعویٰ بھی کیا۔
 

شیئر: