Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان نے ڈالر نیچے لانے کا نسخہ بتا دیا

    وزیراعظم عمران خان نے عوام کو ڈالر نیچے لانے اور روپے کی قدر میں اضافے کا نسخہ بتادیا۔
 سرسید ایکسپریس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے اسمبلی میں کھڑے ہوکر کہا کہ دیکھو روپیہ کتنا گر گیا ہے۔ ڈالر اوپر جارہا ہے۔ شہباز شریف سے کہتا ہوں کہ آپ کا اور زرداری کا خاندان اگر آدھا پیسہ جو آپ اس ملک سے چوری کرکے باہر لے گئے ہیں واپس لے آئیں تو روپیہ اوپر چلا جائیگا اور ڈالر نیچے آجائے گا۔
 عمران خان نے د وٹوک الفاظ میں پھر کہا کہ کسی کو این آر او کی چھوٹ نہیں دونگا۔ جس مرضی حکمراںسے سفارش کرالیں۔ جس کسی کے پاس چلے جائیں۔ اس کے گھٹنے دبائیں، میں نے آپ سے جواب لینا ہے۔ آج میری قوم کو مشکلات کا سامنا ہے۔ چوری یہ کریں ۔ اربوں پتی یہ بنیں ۔ ان سب لوگوں کی اربوں کی پراپرٹی باہر پڑی ہے۔
 عمران خان کا کہنا تھاکہ میں نے بھی عدالت میں جواب دیئے ہیں، ان سے بھی ہم جواب لیں گے۔ جتنا مرضی شور اور جو مرضی کرنا ہے کرلیں ۔ ان لوگوں کو جنہوں نے اس ملک کو کنگال اور مقروض کیا ، ان سے جواب لوں گا۔ قوم سے یہ وعدہ کرکے آیا تھا۔
     عمران خان نے یہ بھی کہاکہ نیا پاکستان بننا شروع ہوگیا ۔ کبھی اتنے بڑے ڈاکووں پر کسی نے ہاتھ نہیں ڈالاتھا۔ کبھی طاقتور لوگوں کا احتساب نہیں ہوا تھا۔ جیلوں میں جائیں تو یہاں صرف غریب لوگ ملتے ہیں۔ جن لوگوں نے اربوںروپے کی چوری کی۔ وہ کہتے ہیں کہ باہر سے کھانا آناچاہئے۔ وی آئی پی جیل ہونی چاہئے، ایئر کنڈیشن ہونا چاہئے جبکہ ملک میں 80فیصد لوگوں کے پاس ایئر کنڈیشن ہی نہیں۔ 
یہ لوگ کہتے ہیں کہ جیل میں ایئر کنڈیشن دو، ٹی وی دو۔ میں نے وزیر قانون سے کہا ہے کہ جیل تو سزا دینے کیلئے ہے تاکہ دوسرے لوگ چوری نہ کریں۔ یہاں پر یہ پیغام جارہا ہے کہ ڈاکا مارنا ہے تو بڑا ڈا کا ماریں۔ اس وقت صرف چھوٹے چوروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
 وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نئے پاکستان میں صرف ایک پاکستان ہوگا۔ایک قانون ہوگا۔ طاقتور اور کمزورکو ایک ہی قانون کے تحت رکھنا ہے۔جیل میں بڑا ڈاکو ہو یا چھوٹا دونوں سے ایک ہی طرح کا سلوک ہوگا۔ تحریک انصاف کی حکومت عام آدمی کی زندگی بہتر بنائے گی۔
 

شیئر: