پاکستان میں ٹیلی ویژن چینلز کے مالکان کی تنظیم، پاکستان برادکاسٹر ایسوی ایشن (پی بی اے)، نے مبینہ طور پر پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی(پمرا) کی جانب سے تین پرائیوٹ نیوز چینلزکی نشریات بند کرنے کی مذمت کی ہے۔
پی بی اے کی جانب سے پیر کے روز جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسوی ایشن کے تین ممبران، ابتک ٹی وی، 24 نیوز اور کپیٹل ٹی وی کی جانب سے شکایت درج کی گئی ہے کہ ان کے چینلوں کو پمرا کی جانب سے کوئی وجہ بتائے اور ان کا موقف سنے بغیر کیبل نیٹ ورک سے ہٹایا گیا ہے۔
پی بی نے پمرا سے مذکورہ چینلز کی نشریات فوری بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اسیوسی ایشن نے پمرا پر زور دیا ہے کہ اگر ان چینلز کے خلاف کوئی شکایت تھی یا انہوں نے پمرا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی تھی تو ریگولیٹر کو اس حوالے سے طے شدہ ضابطہ پر عمل کرنا چاہیے تھا۔
پی بی اے کا کہنا ہے کہ ’چینلوں کو حق سماعت دیے بغیر یکطرفہ طور پر ان کی نشریات بند کرنا انصاف کے تمام اصولوں کے خلاف ہے اور یہ آزادی اظہار کے بنیادی حق کی بھی خلاف ورزی ہے۔‘
پی بی اے نے پمرا پر زور دیا کہ کسی چینل کی جانب سے قانون یا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی صورت میں اس حوالے سے بنائے گئے ضوابط کی پابندی کیا جائے۔