Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایک گھنٹہ معطل رہنے کے بعد دنیا بھر میں ٹویٹر سروس بحال

دنیا بھر میں سماجی رابطوں کی سائیٹ ٹویٹر کی سروس ایک گھنٹے سے ذیادہ بند ہونے کے بعد بحال ہوگئی ہے۔
ٹویٹر کے ایک ترجمان کے مطابق سروس کی معطلی کی وجہ ’ انٹرنل کنفیگوریشن چینج‘ تھا۔  ترجمان نے سروس کی بحالی کی تصدیق کی۔
دوسری جانب ٹویٹر کے چیف ایگزیکٹیو جیک ڈارسی نے اپنے ٹویٹراکاؤونٹ پر لکھا کہ ’ہم بند تھے اور آہستہ سے واپس آرہے ہیں۔ سوری! میں سروس کی بحالی پر اپنی انجینئرنگ اور آپریشن ٹیموں کا مشکور ہوں۔‘
اس سے پہلے دنیا بھر میں ٹویٹر کی سروس معطل ہو گئ تھی اور صارفین کو ٹویٹر کی سائٹ تک رسائی میں مشکلات پیش آ رہی تھی۔

ٹویٹر کے چیف ایگزیکٹیو جیک ڈارسی کا ٹویٹر ہینڈل۔

ٹویٹر کے ترجمان لنڈسے میکولم نے ڈیجیٹل ٹرینڈز ڈاٹ کام کو بتایا تھا کہ ’ہم اس وقت صارفین کی ٹویٹر تک رسائی میں پیش آنے والے مشکلات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے سٹیٹس پیج کے ذریعے اس حوالے سے صارفین کو آگاہ رکھیں گے۔
سٹیٹس پیج کے مطابق ٹویٹر کو ایک ’واقعے‘ کا سامنا ہے جو کہ رات 12 بجے کے قریب شروع ہوا۔
’ڈاؤن ڈیٹکٹر ڈاٹ کام‘ کے مطابق صارفین نے 11 بج کر 46 منٹ کے قریب ٹویٹر ویب سائیٹ تک رسائی میں مشکلات رپوٹ کرنا شروع کر دیں۔ سائیٹ کے مطابق مختصر مدت میں ایک لاکھ سے زائد صارفین نے معاملے کو رپورٹ کیا۔
’ڈاؤن ڈیٹکٹر ڈاٹ کام‘  کے مطابق سروس کی معطلی کے بعد ٹویٹر کی سائیٹ پر’ایرر پیج‘ دکھائی دے رہا تھا اور جب سائیٹ تک رسائی کی کوشش کی جاتی تھی تو لکھا ہوا آرہا تھا ’کچھ تکنیکی خرابی ہے‘۔

سروس کی معطلی کے دوران وزیر اعظم عمران خان کا ٹویٹر ہینڈل۔ 

پاکستان میں بھی ٹویٹر کی سروس معطلی کا شکار ہوا اور اس دوران صارفین کوئی ٹوئٹ نہیں کر پائے اور نہ ہی اپنے پرانے ٹویٹ دیکھ  پائے۔ اس دوران پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان اور دوسرے اہم سیاسی رہنماؤں کے ٹویٹرہینڈل پر ان کے  فالورزکی تعداد صفر دکھائی دیا۔ 
عمران خان اور حزب اختلاف کے رہنما مریم نواز شریف کے ٹویٹر پرلاکھوں فالورز ہیں۔ تاہم سروس معطلی کے دوران ان کے ہینڈل پر ان کے کوئی فالورز نہیں دکھائی دے رہے تھے۔
خیال رہے کہ ٹویٹر کی سروس میں تعطل ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ ’سوشل میڈیا سمٹ‘ منعقد کر رہے ہیں جہاں متوقع طور پر سلیکان ویلی کے قدامت پسند ناقدین اپنے خدشات کا اظہار کریں گے۔
 

سروس کی معطلی کے دوران مریم نواز شریف  کا ٹویٹر ہینڈل۔ 

صدر ٹرمپ کے ٹویٹر پر 6 کروڑ سے زائڈ فالورز ہیں اوروہ  ٹویٹر کا بہت زیادہ استعمال کرتے ہیں۔ تاہم ٹرمپ کو ٹویٹر سے شکایت ہے کہ وہ کچھ سیاسی خیالات کو دباتے ہیں۔ خیال رہے اس ماہ کے شروع میں سوشل میڈیا سائیٹ فیس بک کی سروس بھی کئی گھنٹے تعطل کا شکار ہوگئی تھی۔  اس وقت کمپنی کا کہنا تھا کہ سروس میں تعطل مینٹیننس آپریشن میں گڑبڑ کی وجہ سے آیا۔

شیئر: