عمرے پر آنیوالوں کو مکہ اور مدینہ سے باہر جانے کی اجازت
جدہ کے قصر السلام میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت کابینہ اجلا س میں فیصلہ کیا گیا
سعودی کابینہ نے عمرے اور مسجد نبوی شریف کی زیارت کےلئے آنیوالوں کو مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ اور جدہ شہروں سے باہر جانے کی اجازت دیدی۔
اس سے پہلے عمرے اور مسجد نبوی شریف کی زیارت کےلئے آنیوالوں کو صرف 3شہروں مکہ ، مدینہ اور جدہ آنے جانے کی اجازت تھی ۔ ان شہروں سے باہر جانے پر پابندی تھی ۔ پابندی کی خلاف ورزی پر باقاعدہ کارروائی کی جاتی تھی ۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق یہ فیصلہ منگل کو جدہ کے قصر السلام میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت اجلا س میں کیا گیا ۔
اس کا اعلان ایسے موقع پر کیا گیا ہے جبکہ دنیا بھر سے فرزندان اسلام حج کےلئے سعودی عرب پہنچنے لگے ہیں ۔ عازمین کی آمد کا سلسلہ جولائی کے آغاز سے شروع ہوا ۔ سعودی عرب کے سرکاری اور نجی ادارے حج پر آنیوالوں کے آرام و راحت اور امن و سلامتی کو یقینی بنانے کےلئے چوکس ہیں ۔
سعودی کابینہ کے مطابق امسال تقریباً80لاکھ افراد بیرون مملکت سے عمرے پر سعودی عرب پہنچے ۔
امسال 20لاکھ کے لگ بھگ لوگ حج پر آئیں گے
سعودی کابینہ نے زور دیکر کہا کہ دنیا کے تمام ممالک سے حج پر آنیوالوں کو تمام مطلوبہ سہولتیں مہیا کی جا رہی ہیں اور کی جاتی رہیں گی۔ ان میں قطر سے حج پر آنیوالے شامل ہیں ۔کابینہ نے قطر کے شہریوں اور وہاں مقیم غیر ملکیوں کے حج کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے سے متعلق قطر کے دعووں کو مسترد کر دیا۔
قطر کی وزارت اوقاف و اسلامی امور نے دعویٰ کیا تھا کہ سعودی حکومت قطر کے شہریوں اور قطر میں مقیم غیر ملکیوں کو حج اور عمرہ کرنے سے روک رہی ہے اور اس سلسلے میں رکاوٹیں پیدا کر رہی ہے ۔