ٹرمپ کی مسئلہ کشمیر پر ایک بار پھر ثالثی کی پیشکش، انڈیا کا انکار
ٹرمپ کی مسئلہ کشمیر پر ایک بار پھر ثالثی کی پیشکش، انڈیا کا انکار
جمعہ 2 اگست 2019 13:22
شنکر نے کہا کہ انہوں نے مائیک پومپیو سے خطے کی صورت حال سمیت مختلف امور پر بات چیت کی ہے، تصویر: اے ایف پی
انڈین وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ کشمیر کے تنازعے پر بات چیت صرف انڈیا اور پاکستان کے درمیان ہی ہو سکتی ہے۔
انڈین وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے جمعے کو تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک میں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے ایشیائی سکیورٹی فورم کی سائیڈ لائن پر ملاقات کی۔ انڈین وزیر خارجہ نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ انہوں ںے اپنے امریکی ہم منصب کو واضح طور پر بتا دیا ہے کہ اگر کشمیر پر کوئی بات ہوئی تو صرف انڈیا اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ طور پر ہی ہو گی۔
جے شنکر نے کہا کہ انہوں نے مائیک پومپیو سے خطے کی صورت حال سمیت مختلف امور پر گفتگو کی ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے پومپیو اور جے شنکر کی ملاقات کے بعد جو بیان جاری کیا گیا ہے اس میں بھی کشمیر یا ثالثی کی پیش کش کا کوئی ذکر نہیں ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مائیک پومپیو اور جے شنکر نے بحر ہند اور بحرالکاہل کے علاقے میں قانون کی حکمرانی، آزادانہ نقل و حمل اور جمہوری اقدار کے ساتھ اپنی مشترکہ وابستگی کا اظہار کیا ہے۔
خیال رہے کہ صدر ٹرمپ نے جمعرات یکم اگست کو بھی رپورٹرز سے بات کرتے ہوئے کشمیر پر اپنی ثالثی کی پیش کش کو دہراتے ہوئے کہا تھا کہ اب اس فیصلے کا انحصار وزیراعظم نریندر مودی اور وزیراعظم عمران خان پر ہے۔
اس سے قبل صدر ٹرمپ نے گذشتہ ماہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیش کش کی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ انہیں انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے کشمیر پر ثالثی کرانے کو کہا ہے تاہم انڈین وزارت خارجہ نے ٹرمپ کے اس دعوے کی تردید اور ثالثی کی پیش کش کو مسترد کر دیا تھا۔
دوسری طرف پاکستان نے انڈیا کی جانب سے کشمیر پر امریکی صدر کی ثالثی کی پیش کش کو ایک بار پھر مسترد کرنے کے فیصلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انڈیا دو طرفہ مذاکرات سے بھی انکاری ہے اور کسی کی ثالثی ماننے کو بھی تیار نہیں۔
نجی ٹیلی ویژن جیو نیوز سے گفتگو میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ’ثالثی کی پیشکش پر ٹرمپ کے شکر گزار ہیں، ٹرمپ کی پیشکش پر بھارتی ردعمل کاعلم تھا کہ وہ نہیں مانیں گے کیونکہ بھارت مذاکرات نہیں کرنا چاہتا۔‘
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ وہ کشمیر کی صورتحال پر اقوام متحدہ کو خط لکھ رہے ہیں، خط میں ایل او سی پر فائرنگ، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور کشمیر سے متعلق عالمی اداروں کی رپورٹس کا بتائیں گے۔