بالی وڈ کی دبنگ گرل سوناکشی سنہا جب بولتی ہیں تو اس میں اعتماد نظر آتا ہے اور یہی بات ان کے فلموں کے انتخاب میں بھی نظر آتی ہے۔ ان کی 2013 کی فلم ’لٹیرا‘ دیکھی جائے تو ان کا گلیمرس امیج متاثر ہوتا نظر آتا ہے اور پھر دیکھا جائے تو اس کے بالکل برعکس انہوں نے مسالہ فلم ’دبنگ‘ میں کردار نبھایا ہے۔
سوناکشی کا کہنا ہے کہ وہ ہر فلم میں مختلف کردار کرتی ہیں، گذشتہ چند برسوں میں دیکھیں تو میرا فلموں کے حوالے سے انتخاب مختلف نظر آتا ہے، مجھے مخلتف انداز کی فلمیں کرنے اور دیکھنے میں مزہ آتا ہے۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں سوناکشی سنہا کا کہنا تھا کہ اس کا یہ مطلب نہیں کہ میں نے مسالہ فملیں کرنا بند کر دی ہیں، میں ایسی فلمیں کرنا پسند کروں گی اور کرتی ہوں۔ میں ایسی اداکارہ بننا چاہتی ہوں جس سے آپ ہر طرح کی فلم کی توقع کر سکیں جیسا کہ میں ‘لُٹیرا‘ اور ’راؤڈی راٹھور‘ کی مثال دیتی ہوں۔
اس سوال پر کہ فلم ’کلنک‘ اور ’مشن منگل‘ ملٹی سٹار فلمیں ہیں اور ایسی فلموں میں اکثر اوقات ایک اداکار کو سکرین پر دوسرے سے زیادہ ٹائم ملتا ہے تو ایسے میں آپ کے ساتھی اداکاروں کے ساتھ پیشہ وارانہ رقابت کو کیسے ہینڈل کرتی ہیں؟ اس پر دبنگ گرل کا کہنا تھا کہ ایمانداری کی بات ہے، انہیں کبھی ایسی صورت حال کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ میں خود کوکیوں عدم تحفظ کا شکار سمجھوں؟ جو کام بطور اداکارہ میں نے کرنا ہے اور جو فلم میں نے دینی ہے اس کے لیے میں سخت محنت کرتی ہوں اور میں اپنے کام سے متعلق بہت پراعتماد ہوں۔
انہوں ںے کہا کہ میرا ٹیلنٹ مجھ سے کوئی نہیں چھین سکتا، بالآخر میری محنت ہی میرے کام آئے گی، نہ کہ انڈسٹری میں میرے تعلقات اور یہ کہ میں کون ہوں۔
سوناکشی سے سوال کیا گیا کہ فلم ’مشن منگل‘ خواتین سائنس دانوں کے بارے میں ہے لیکن فلم کے پوسٹر میں اکشے کمار کو نمایاں انداز میں دکھایا گیا ہے، اس پر سوناکشی سنہا نے کہا کہ انہوں نے یہ بات کسی اور سے بھی سنی ہے، ہم سب کے لیے یہ ایک ٹیم ورک ہے، حتیٰ کہ جب ہم فلم کی شوٹنگ کر رہے تھے تو تب بھی وہاں پر کئی لوگوں کے ہوتے ہوئے بھی کسی کو احساس نہیں ہونے دیا گیا کہ کوئی دوسرے سے چھوٹا ہے۔
انہوں ںے کہا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ اکشے کمار فلم کے سب سے بڑے سٹار ہیں، انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ کسی نے بہت عرصہ پہلے انہیں یہ بات کہی تھی کہ ’ جو دکھتا ہے وہ بکتا ہے‘۔
اگر آج آپ باکس آفس پر اکشے کمار کی کلیکشن دیکھیں تو اس فلم میں وہ سب سے زیادہ بکنے والے سٹار ہیں، اسی لیے فلم کے پوسٹر پر ان کا چہرہ باقیوں سے بڑا نظر آتا ہے۔
انڈسٹری میں پرانے اور نئے ہیروز کے رویوں کے بارے میں ایک سوال پر سوناکشی کا کہنا تھا کہ ہر اداکار کا اپنا طریقہ کار ہے، میں عمر کے حساب سے اداکاروں کا موازنہ نہیں کرتی یا یہ کہ کون کتنے عرصے سے انڈسٹری میں ہے۔ سلمان خان کا اپنا ایک انداز ہے، اکشے کا طریقہ کار مختلف ہے، اسی طرح ورون دھون اور ادیتیا رائے کپور کا معاملہ الگ ہے، یہ اداکار پر منحصر ہے۔