پاکستان میں انڈین اداکاروں والے اشتہارات پر پابندی
پاکستان میں انڈین اداکاروں والے اشتہارات پر پابندی
جمعرات 15 اگست 2019 16:11
پاکستان میں انڈین فلمیں اور ڈرامے دکھانے پر پہلے سے ہی پابندی عائد ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں میڈیا کے نگران ادارے الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے نجی ٹی وی چینلز پر انڈین اداکاروں والے اشتہار نشر کیے جانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
پیمرا نے صابن، واشنگ پاوڈر، شیمپو، نوڈلز اور اس طرح کی دیگر اشیاء بنانے والی 11 مختلف کمپنیوں کے حوالے سے خاص طور پر متنبیہ کیا ہے کہ ان کے انڈین اداکاروں یا کرداروں والے اشتہارات ٹی وی سکرینوں پر نشر نہ کیے جائیں۔
پیمرا کی جانب سے اس نوٹیفیکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر کے معاملے پر انڈیا سے کشیدگی بڑھنے کے بعد حکومت پاکستان نے 14 اگست کو یوم یکجہتی کشمیر جبکہ 15 اگست کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کا اعلان کیا تاہم اس کے باوجود انڈین اداکاروں والے اشتہارات ٹی وی چینلز پر چلائے جا رہے ہیں جو کہ ریاسی پالیسی کی نفی ہے۔
پیمرا نے کہا ہے کہ ’پاکستانی ٹی وی چینلز پر انڈین اداکاروں والے اشتہارات پاکستانیوں کی پریشانیوں میں اضافہ کرتے ہیں جو کشمیریوں پر کیے جانے والے انڈین مظالم کی وجہ سے پہلے ہی غمزدہ ہیں۔‘
نوٹیفکیشن کے مطابق پیمرا آرڈیننس 2002 کے سیکشن 27 اے کے تحت لگائی جانے والی یہ پابندی اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک انڈین اداکاروں والے اشتہارات کو متبادل پاکستانی اداکاروں یا کرداروں کے ساتھ تبدیل نہیں کیا جاتا اور پیمرا ان کی منظوری نہیں دیتا۔
خیال رہے کہ پاکستان میں انڈین فلمیں اور ڈرامے دکھانے پر پہلے سے ہی پابندی عائد ہے۔
اس حوالے سے رواں سال مارچ میں سپریم کورٹ کے جج جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے حکم دیا تھا کہ پاکستانی ٹی وی چینلز پر انڈیا کا کوئی مواد نشر نہ کیا جائے۔ انڈیا کے اشتہارات، ڈرامے اور فلمیں بھی اس پابندی کی زد میں آ گئے تھے۔
واضح رہے کہ گذشتہ دنوں میں وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے بھی اپنی ٹویٹ میں کہا تھا کہ پاکستان کے کسی بھی سینما میں انڈین فلموں کی نمائش نہیں ہوگی۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ’ڈراموں، فلموں اور اس طرح کا انڈین مواد پاکستان میں نشر ہونے پر مکمل پابندی ہوگی۔ کشمیریوں کے زخموں پر مرہم رکھیں گے۔ ہر وہ اقدام کریں گے جس سے عظیم کشمیریوں کے بے مثال حوصلے مزید بلند ہوں۔‘