فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انڈیا اور پاکستان کے وزرائے اعظم سے بات کی ہے اور دونوں پر کشمیر کے متنازعے علاقے پر کشیدگی کم کرنے پر زور دیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’میں نے اپنے دو اچھے دوستوں سے بات کی ہے، انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی اور پاکستان کے وزیراعظم عمران خان سے تجارت، سٹریٹجک پارٹنر شپ پر بات ہوئی، سب سے اہم انڈیا اور پاکستان کشمیر پر کشیدگی کم کرنے کے لیے کام کریں‘۔
صدر ٹرمپ نے لکھا کہ ’مشکل صورت حال مگر اچھی گفتگو ہوئی‘۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا انڈین وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو کے بعد پاکستان کے وزیراعظم سے بھی رابطہ ہوا۔
Spoke to my two good friends, Prime Minister Modi of India, and Prime Minister Khan of Pakistan, regarding Trade, Strategic Partnerships and, most importantly, for India and Pakistan to work towards reducing tensions in Kashmir. A tough situation, but good conversations!
— Donald J. Trump (@realDonaldTrump) 19 August 2019
پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو کے بارے میں بتایا کہ دونوں سربراہوں کے درمیان انڈیا کے زیرانتظام کشمیر کی صورت حال پر بات چیت ہوئی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعظم نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بتایا کہ انڈیا کے یک طرفہ اقدامات بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی نفی کرتے ہیں۔
ان کے مطابق وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کو بتایا کہ کشمیر میں کرفیو کو 15 روز گزر گئے ہیں، آپ اس میں اپنا کردار ادا کریں۔
پاکستان کے وزیراعظم اور امریکی صدر کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ 10 بجے ہوا ہے۔
اس سے پہلے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی سے بھی ٹیلی فون پر رابطہ کیا تھا۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انڈیا اور پاکستان کے درمیان کشمیر کے معاملے پر جاری کشیدگی کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
وائٹ ہاؤس کے ترجمان ہوگن گڈلی کے مطابق مودی کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو کے دوران صدر ٹرمپ نے بتایا کہ انڈیا اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کم کرنے کی کیا اہمیت ہے۔
مزید پڑھیں
-
سلامتی کونسل کا اجلاس: کس کی جیت ہوئی؟Node ID: 429531
ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی گفتگو کی کہ کیسے انڈیا اور امریکہ دو طرفہ تجارتی تعلقات میں مزید اضافہ کر سکتے ہیں۔
دوسری طرف انڈین وزیراعظم نریندرا مودی کے دفتر سے تین ٹویٹس جاری ہوئیں جن کے مطابق خطے کی صورتحال پر ہونے والی گفتگو میں وزیر اعظم مودی نے صدر ٹرمپ کو مطلع کیا کہ ’خطے میں بعض رہنماؤں کی جانب سے انڈیا مخالف اشتعال انگیزی امن کے لیے موزوں نہیں ہے۔‘
’وزیر اعظم (مودی) نے دہشت گردی اور تشدد سے پاک ماحول کی تشکیل اور بغیر کسی رعایت کے سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی کو ختم کرنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ ‘
In the context of the regional situation, PM @narendramodi stated that extreme rhetoric and incitement to anti-India violence by certain leaders in the region was not conducive to peace.
— PMO India (@PMOIndia) August 19, 2019