نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر گرما گرم بحث جاری تھی کہ اس وقت دلچسپ صورت حال پیدا ہو گئی جب سپیکر ٹریور ملارڈ نے اپنی گود میں ننھے بچے کو بٹھا لیا اور اسے دودھ پلانے کے لیے فیڈر بھی منگوا لیا۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق ننھے بچے کی عمر صرف ڈیڑھ ماہ تھی اور وہ رکن پارلیمنٹ تماتی کوفے کا بیٹا تھا اور وہ اجلاس میں شرکت کے لیے اسے بھی ساتھ ہی لے آئے تھے جس پر ان کے ساتھی پارلیمنٹیرینز نے بھی خوشی کا اظہار کیا۔
ہوا کچھ یوں کہ جب تماتی کوفے اجلاس کے دوران اپنی باری آنے پر بحث میں حصہ لینے لگے تو سپیکر نے ان کا بچہ گود میں اٹھا لیا تاکہ تماتی کوفے اپنی تقریر کر سکیں۔
اس دوران سپیکر بچے کے ساتھ لاڈ پیار کرنے کے ساتھ ساتھ پارلیمنٹ کی کارروائی بھی چلاتے رہے۔ بحث کے دوران بچے کے رونے پر سپیکر اسے جھولا جھولتے، لوریاں سناتے اور دودھ بھی پلاتے رہے۔
مزید دلچسپ بات یہ ہے کہ سپیکر نے پارلیمنٹ میں جاری بحث کے دوران ننھے مہمان کو اپنی گود میں اٹھانے کی تصاویر ٹوئٹر پر بھی شیئر کیں۔
سپیکر کا کہنا تھا کہ یہ نشست اجلاس کی صدارت کے لیے استعمال ہوتی ہے لیکن آج میرے ساتھ ایک وی آئی پی مہمان ہے جو میرے ساتھ صدارت کا حصہ ہے، میں تماتی کوفے اور ان کی فیملی کو ننھے مہمان کی پارلیمنٹ آمد پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
واضح رہے کہ ایسا پہلی بار نہیں ہوا تھا کہ سپیکر ٹریور ملارڈ نے اجلاس کے دوران کسی رکن کے بچے کو اپنی گود میں بٹھایا ہو، اس سے قبل 2017 میں بھی انہوں نے ایک خاتون رکن کی تین ماہ کی بیٹی کے ساتھ بھی ایسی ہی شفقت اور پیار کا مظاہرہ کیا تھا۔
یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ کو بچوں کے لیے دوستانہ بنانے کے لیے ٹریور ملارڈ نے 2017 میں مختلف قوانین میں نرمی کی تھی، اس وقت درجن سے زائد خاتون ارکان پارلیمنٹ بچوں کے ساتھ اسمبلی کی کارروائی میں حصہ لے رہی ہیں جب کہ گذشتہ برس جسینڈا آرڈن زچگی کی چھٹیاں حاصل کرنے والی نیوزی لینڈ کی پہلی وزیراعظم بنیں اور وہ دنیا کی دوسری خاتون وزیراعظم ہیں جو وزارت عظمیٰ کے عہدے پر فائز ہوتے ہوئے ماں بنیں۔
جیسنڈا آرڈن پارلیمنٹ کے اجلاس میں شرکت کے لیے اپنی بیٹی کو بھی ساتھ لاتی ہیں یہ ہی نہیں بلکہ وہ اپنی بیٹی کے ساتھ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں بھی شریک ہو کر ایک منفرد تاریخ بھی رقم کر چکی ہیں۔
یاد رہے کہ جیسنڈا آرڈن سے قبل پاکستان کی سابق بے نظیر بھٹو کے ہاں وزارت عظمیٰ کے دوران بچے کی ولادت ہوئی تھی۔