ریاض۔۔۔۔مملکت بھر میں جمعرات کو استسقاء کی نماز خشوع و خضوع سے ادا کی گئی۔ لاکھوں سعودی شہری اور مقیم غیر ملکی شریک ہوئے۔ گریہ وزاری کے ساتھ اللہ تعالیٰ سے باران رحمت کی دعائیں کیں۔صلاۃ استسقاء خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی اپیل پر ادا کی گئی۔ سب سے بڑا جتماع مسجد الحرام میںہوا۔ گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل اور گورنریٹ کے اعلیٰ عہدیداروں نے بھی صلاۃ استسقاء ادا کی۔امام وخطیب حرم شیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے نماز پڑھائی اور موثر خطبہ دیا۔ السدیس نے کہا کہ سب لوگ ظاہر و باطن ہر حال میں خدا ترسی سے کام لیں یقین رکھیں خداترسی نعمتوں کی کلید اور برکتوں کے نزول کا باعث بنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ لوگوں نے اپنے رب کے حضور بارش نہ ہونے اور خشک سالی سے پریشانی کا شکوہ پیش کیا۔ آزمائش اللہ کا نظام ہے۔ سب لوگ گناہوں سے توبہ کریں، نافرمانی سے دور رہیں،نماز اور زکاۃ کی پابندی کریں۔ مظلوموں کو حقوق دیں۔ برائیوں سے پرہیز کریں۔ سود خوری او ر حرام خوری کے قریب نہ جائیں۔ اچھائی کی تلقین اور برائی سے منع کریں۔ دوسرا بڑا اجتماع مدینہ منورہ کی مسجد نبوی شریف میںہوا امام و خطیب شیخ ڈاکٹر عبداللہ البعیجان نے خطبہ دیا۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ پانی اللہ کی عظیم ترین نعمت ہے۔ زندگی کی ہر ضرورت اس سے جڑی ہوئی ہے۔ بارش میںتاخیر گناہوںسے ہوتی ہے۔اللہ تعالیٰ سے تعلق میں کمی اور انقطاع بھی اس کا اہم سبب ہے۔ تیسرا بڑا اجتماع ریاض کی امام ترکی بن عبداللہ جامع مسجد میںہواجہاں شیخ عبداللہ بن عبدالعزیز آل الشیخ نے نماز پڑھائی۔ انہوں نے بارش کے حوالے سے رسول اللہ کے معمولات کا تفصیل سے تذکرہ کیا۔ مملکت کے تمام علاقوں میں صلاۃاستسقاء کے اجتماعات میں گونرز یا ان کے نمائندے شریک ہوئے۔