انگلش کرکٹ بورڈ کی میڈیکل ٹیم نے اینڈرسن کو ان فٹ قرار دیا، تصویر: اے ایف پی
انگلینڈ کے ٹیسٹ میں سب سے تجربہ کار اور مایہ ناز فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن انجری کے باعث ایشز سیریز سے آؤٹ ہو گئے ہیں جس کے بعد انگلینڈ کی سیریز جیتنے کی کوششوں کو شدید دھچکہ لگا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے اس بات کا اعلان جمعے کو کیا۔
جیمز اینڈرسن نے ایجبسٹن میں ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں صرف چار اوورز کیے تھے جس کے بعد وہ پنڈلی میں چوٹ کے سبب سیریز میں دوبارہ بولنگ نہیں کر سکے۔
اس سے قبل امید کی جا رہی تھی کہ 37 سالہ پیسر بدھ سے اولڈ ٹریفورڈ کے ہوم گراؤنڈ پر شروع ہونے والے چوتھے ٹیسٹ میچ کے لیے فٹ ہو جائیں گے، تاہم سیکنڈ الیون چیمپئن شپ کے دوران لنکا شائر کی جانب سے ڈرہم کے خلاف کھیلنے کے بعد انہیں ایشز سیریز کے باقی دونوں میچوں کے لیے ان فٹ قرار دے دیا گیا۔
جیمز اینڈرسن کو ان فٹ قرار دینے اور ایشز سیریز سے ان کے باہر ہونے کا اعلان انگلش کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایک بیان میں کیا گیا۔
بیان کے مطابق جیمز اینڈرسن نے منگل کو لنکا شائر کی جانب سے ڈرہم کے خلاف چار روزہ دوستانہ میچ میں 20 اوورز بولنگ کی جبکہ جمعرات کو نویں اوور میں انہیں دائیں پنڈلی میں تکلیف محسوس ہوئی۔
انگلش کرکٹ بورڈ کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پنڈلی میں درد محسوس ہونے کے بعد اینڈرسن نے لنکا شائر سے چیک اپ بھی کروایا اور اس کے بعد انہوں نے بقیہ میچ نہیں کھیلا۔
انگلش کرکٹ بورڈ کی میڈیکل ٹیم نے جیمز اینڈرسن کا دوبارہ معائنہ کرنے کے بعد انہیں ایشز سیریز کے آخری دو میچوں کے لیے ان فٹ قرار دے دیا۔
واضح رہے کہ جیمز اینڈرسن نے انگلینڈ کی جانب سے 149 ٹیسٹ میچز کھیلنے کے بعد 575 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں جو کسی بھی انگلش بولر کا ٹیسٹ کرکٹ میں رکارڈ ہے۔ اینڈرسن ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولرز میں چوتھے نمبر پر ہیں۔
اینڈرسن کے ان فٹ ہونے کے بعد انگلینڈ نے سمرسٹ کے فاسٹ بولر کریگ اورٹن کو 13 رکنی سکواڈ میں شامل کیا ہے۔
یاد رہے کہ تین ٹیسٹ میچز کے بعد ایشز سیریز ایک ایک سے برابر ہے، ایجبسٹن برمنگھم میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے 251 رنز سے میدان مارا جبکہ لندن کے لارڈز کرکٹ گراؤنڈ پر ہونے والا دوسرا میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا۔
ہیڈنگلے لیڈز میں کھیلا گیا تیسرا میچ انتہائی سنسنی خیز ثابت ہوا جس میں بین سٹوکس کی شاندار بلے بازی کی بدولت انگلینڈ ایک وکٹ سے میچ جیتنے میں کامیاب رہا۔
دو روایتی حریفوں کے درمیان سیریز کا چوتھا میچ بدھ چار ستمبر سے اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر میں شروع ہو رہا ہے۔