’زرین آپ خوبصورت اور بہادر ہو‘
زرین خان نے سوشل میڈیا پر اپںی تصویر شیئر کیں تو بعض صارفین نے ان کو ٹرولنگ کا نشانہ بنایا۔ فوٹو: اے ایف پی
سوشل میڈیا پر ’باڈی شیمنگ‘ کر کے ٹرولنگ کا نشانہ بننے والی اداکارہ زرین خان کی بالی وڈ اداکارہ انوشکا شرما نے حمایت کی ہے اور ان کی ہمت بندھائی ہے۔
بالی وڈ اداکارہ زرین خان نے اپنی ایک تصویر انسٹاگرام پر شیئر کی تو کئی سوشل میڈیا صارفین نے ان کے پیٹ پر نشان کی وجہ ان کی باڈی شیمنگ (جسمانی خدوخال کا مذاق اڑانا) کی اور انہیں ٹرولنگ کا نشانہ بنایا۔
تاہم اس پر انوشکا شرما نے انسٹا گرام پر زرین خان کے لیے میسج پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ’زرین آپ خوبصورت، بہادر اور مضبوط ہیں جس طرح آپ ہیں۔‘
زرین خان ان دنوں انڈیا کے صوبے راجستھان میں ہیں اور انہوں نے اودھے پور میں واقع مشہور پچولہ جھیل کے کنارے اتاری گئی اپنی تصویر انسٹاگرام پر شیئر کی تھی۔ تصویر شیئر کرنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین اس پر تبصرے کر رہے ہیں۔ بعض صارفین نے زرین خان کی تصویر کی تعریف کی تاہم کئی صارفین ایسے بھی ہیں جنہوں نے ان کے جسمانی خدوخال کا مذاق اڑایا۔
تصویر میں زرین کے پیٹ پر جلد پر کھچاؤ کے نشانات پر کچھ صارفین نے ان کی ٹرولنگ کی۔
ٹرولنگ کرنے والوں کو جواب دینے ہوئے زرین خان نے انکشاف کیا کہ انہوں نے 50 کلوگرام وزن کم کیا ہے اور ان کی جلد پر اس طرح کے نشانات ہونا فطری امر ہے۔
انہوں نے لکھا کہ ’ان لوگوں کے لیے جو بے تابی سے جاننا چاہتے ہیں کہ میرے پیٹ کے ساتھ کیا ہوا ہے تو یہ ایسے فرد کا جسم ہے جس نے 50 کلوگرام وزن کم کیا ہو۔ یہ ایسا ہی دکھتا ہے جب آپ نے اسے فوٹو شاپ نہ کیا ہو یا اسے سرجری کے ذریعے ٹھیک نہیں کرایا ہو۔‘
زرین خان نے اپنی تصویر پر کیے گئے مثبت اور منفی دونوں کمنٹس کے سکرین شاٹس بھی شیئر کیے ہیں۔
واضح رہے کہ زرین خان ان دنوں ہارش ویاس کی فلم ’ہم بھی اکیلے تم بھی اکیلے‘ میں کام کر رہی ہے جو 2020 میں سینماؤں کی زینت بنے گی۔
زرین کی آخری فلمیں ’اکثر 2‘ اور ‘1921‘ تھی۔ زرین نے ’ہیٹ سٹوری 3‘ ’ہاؤس فل 2‘ اور ’ویر‘ جیسی فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔
انہوں نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز سلمان خان کی فلم ’یوراج‘ سے کیا تھا۔
انوشکا شرما آج کل ویرات کوہلی کے ساتھ ویسٹ انڈیز میں ہیں جہاں انڈیا کی ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیل رہی ہے۔
انوشکا، شاہ رخ خان اور کترینہ کیف کے ساتھ اننت ایل رائے کی فلم ’زیرو‘ میں جلوہ افروز ہوئی تھیں تاہم باکس آفس پر یہ فلاپ ثابت ہوئی جس کے بعد سے انوشکا نے کوئی نئی فلم سائن نہیں کی ہے۔ تاہم وہ نیٹ فلیکس کے لیے ایک سیریز پروڈیوس کر رہی ہیں۔