نیا عمرہ سیزن شروع، ملائیشیا سے پہلی پرواز کی آمد
نیا عمرہ سیزن شروع، ملائیشیا سے پہلی پرواز کی آمد
پیر 2 ستمبر 2019 12:48
عمرہ پر آنے والے تمام مسافروں کو محکمہ پاسپورٹ کی جانب سے تحائف پیش کیے گئے
نئے ہجری سال کے آغاز کے ساتھ ہی نیا عمرہ سیزن شروع ہو گیا ہے۔ ملائیشیا سے عمرہ کے لیے آنے والی پہلی پرواز جدہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچی تو معتمرین کا استقبال محکمہ پاسپورٹ کے سربراہ جنرل سلیمان بن عبدالعزیز الیحییٰ نے کیا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمہ پاسپورٹ کے نائب سربراہ برائے حج و عمرہ جنرل خالد فہاد الجعید،کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے سربراہ کرنل سلیمان الیوسف اور دیگر عہدیداران بھی استقبالیہ تقریب میں موجود تھے۔
ملائیشین معتمرین کا ایئرپورٹ کے ٹرمینل پر پہنچتے ہی گلدستوں سے استقبال کیا گیا۔ انہیں سرزمین حرمین پہنچنے پر خوش آمدید کہا گیا اور عمرہ سفر کی مبارکباد دی گئی۔ عمرہ پر آنے والے تمام مسافروں کو محکمہ پاسپورٹ کی جانب سے تحائف پیش کیے گئے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محکمہ پاسپورٹ کے سربراہ جنرل سلیمان الیحییٰ نے کہاکہ نئے عمرہ موسم کے لئے محکمہ پاسپورٹ سمیت تمام متعلقہ اداروں نے بھرپور تیاری کررکھی ہے ۔ عمرہ پر آنے والوں کو ہر قسم کی سہولت اور آسانی فراہم کرنے کیلئے جامع منصوبہ تیار کرلیا گیا ہے۔ محکمہ پاسپورٹ نے نئی ٹیکنالوجی سے آراستہ خصوصی ٹیم بھی تشکیل دی ہے جو ریکارڈ وقت میں مسافروں کی امیگریشن کارروائی مکمل کرے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال عمرہ پر آنے والے افراد کی تعداد سات ملین سے تجاوز کر گئی تھی۔ وژن 2030 کے مطابق 2022ء میں معتمرین کی تعداد 15ملین جبکہ 2030ء میں یہ تعداد 30 ملین تک پہنچ جائے گی۔ اس سال معتمرین کی تعداد میں 20 فیصد اضافے کا ہدف رکھا گیا ہے۔