Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آتش بازی سے گلوکارہ جھلس کر دم توڑ گئیں

جوانا سائنز ’سپر ہالی وڈ آرکسٹرا‘ گروپ کی اہم گلوکارہ اور رقاصہ تھیں۔ فوٹو: اے ایف پی
سپین میں کنسرٹ کے دوران ایک پاپ گلوکارہ مداحوں کے سامنے اس وقت ہلاک ہو گئیں جب آتش بازی کا سامان پھٹ گیا۔
سپین کے دارالحکومت میڈرڈ کے شمال مغرب میں واقع ٹاؤن لاس برلاناس میں ’سپر ہالی وڈ آرکسٹرا‘ گروپ سے منسلک نوجوان پاپ سنگر جوانا سائنز سٹیج پر پرفارم کر رہی تھیں۔
اخبار ’ال نورٹے دے کسٹیلا‘ کے مطابق پرفارمنس کے دوران آتش بازی کا مواد پھٹ گیا جس کی زد میں آنے سے گلوکارہ جوانا سائنز شدید زخمی ہو گئی۔
اخبار کے مطابق یہ سٹنٹ خاص تاثر پیدا کرنے کے لیے شو کا حصہ تھا تاہم اس نے شائقین کو خوفزدہ کر دیا۔ کنسرٹ میں شریک شائقین گلوکارہ کی پرفارمنس کو موبائل فونز کے ذریعے ریکارڈ کر رہے تھے۔ اس دوران انہوں نے شدید زخمی حالت میں گلوکارہ کی گرنے کی ویڈیو بھی ریکارڈ کر لیں۔

ہنگامی سروس کے عملے نے زخمی گلوکارہ کو فوری طور پر مقامی ہسپتال منتقل کر دیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکیں۔ فوٹو: ٹوئٹر 

مقامی میڈیا کے مطابق موقع پر موجود آفیشلز نے پردے گرا دیے اور گلوکارہ کو فوری طبی امداد دی گئی۔
واقعہ مقامی وقت کے مطابق اتوار کی رات 2 بجے ہوا۔ ہنگامی سروس کے عملے نے زخمی گلوکارہ کو فوری طور پر مقامی ہسپتال پہنچایا تاہم وہ تھوڑی دیر بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق اس حادثے کو ایک ہزار سے زائد افراد نے براہ راست دیکھ لیا۔
دھماکے کی فوٹیجز سینکڑوں سوشل میڈیا صارفین نے فیس بک اور ٹوئٹر پر بھی پوسٹ کر دی ہیں۔
مذکورہ کنسرٹ ایک مقامی تہوار کا حصہ تھا اور ’سپر ہالی وڈ آرکسٹر گروپ‘ کو بھی اس سلسلے میں ہائر کیا گیا تھا۔ جوانا سائنز اس گروپ کی اہم گلوکارہ اور رقاصہ تھیں۔
’سپر ہالی وڈ آرکسٹرا گروپ‘ کے اسیدرو لوپیز نے فیس بک پر ایک پیغام پوسٹ کیا اور گلوکارہ کے خاندان اور مداحوں سے ان کی موت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔   
انہوں نے گلوکارہ کی ذاتی اور فنی رویے کی تعریف کی اور کہا کہ ان کی موت گروپ کے لیے بڑا نقصان ہے جس کی تلافی مشکل ہے۔

شیئر:

متعلقہ خبریں