قومی بجٹ کا خسارہ 238ارب ریال سے گھٹ کر 174ارب ریال رہ گیا
سعودی عریبین مانیٹرنگ اتھارٹی ساما نے 2018ء کی سالانہ رپورٹ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو پیش کر دی۔ وزیر خزانہ محمد بن عبداللہ الجدعان ،گورنرساما ڈاکٹر احمد بن عبدالکریم الخلیفی اور سکریٹریز بھی موجود تھے ۔
سعودی خبر رساں ادارے اےس پی اے کے مطابق شاہ سلمان نے کہا کہ ساما قومی اقتصاد اور مطلوبہ اہداف کےلئے قابل قدر کردار ادا کر رہی ہے۔
گورنر ساما نے رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ سعودی عرب نے 2018ءکے دوران بیشتر شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔
مقررہ نرخوں کے لحاظ سے مجموعی قومی پیداوار میں 2.4فیصد اضافہ ہوا جبکہ 2017ءکے دوران 0.7فیصد کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔تیل کی قومی پیدوار میں3.1فیصد ، تیل کے ماسوا ذرائع میں 2.2فیصد کا اضافہ ہوا ۔نرخوں میں استحکام برقرار رہا ۔افراطِ زر 2.5فیصد تک محدود رہا ۔
توازن ادائیگی میں غیر معمولی بہتری ریکارڈ کی گئی ۔2017ءمیں 39ارب ریال فاضل بچے تھے ۔ 2018ءمیں 265ارب ریال فاضل بچے۔
تیل کے ماسوا برآمدات میں 22فیصد اضافہ236ارب ریال کی صورت میں ہوا ۔
2018ءکے دوران حقیقی قومی آمدنی میں 31.0فیصد اضافہ ہوا جبکہ ریاستی قومی بجٹ کا خسارہ 238ارب ریال سے گھٹ کر 174ارب ریال رہ گیا ۔یہ قومی مجموعی پیداوار کا 5.9فیصد ہوگیا۔2017ءمیں 9.3فیصد تھا۔یہ کامیابی ریاستی اخراجات کا دائرہ وسیع کرنے کے باوجود حاصل ہوا ۔
عوام کی سماجی مدد ،نجی شعبے کے استحکام اور سعودی وژن2030ءکے پروگرام نافذ کرنے کےلئے فنڈنگ کے حوالے سے اخراجات بڑھانے کی پالیسی اختیار کی گئی تھی ۔ 2019ءکے دوران کامیابیوں کا سلسلہ جاری رہنے کے قوی امکانات ہیں۔
الخلیفی کا کہنا تھا کہ ساما نے کرنسی نرخ مستحکم رکھنے اور اقتصادی سرگرمیوں کے لئے ضروری نقدی فراہم کرنے کی پالیسی اپنائے ہوئے ہے۔اس کی بدولت2018ءکے دوران کرنسی کی فراہمی میں 2.7فیصد شرح نمو رہی ۔1854ارب ریال مہیا رہے ۔
بینکوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔تجارتی بینکوں کے مجموعی اثاثوں میں 2.0فیصد کا اضافہ 2398ارب ریال کی صورت میں ہوا ۔
گورنر ساما کے مطابق سالِ رواں کے دوران بینکوں کی مجموعی صورتحال حوصلہ افزا ہے ۔ جولائی کے دوران 3.9فیصد شرحِ نمو 1872ارب ریال کی شکل میں ریکارڈ کی گئی۔ بینکوں میں جمع شدہ اثاثوں میں 3.7فیصد اضافہ 1679ارب ریال کی صورت میں ہوا۔ بینکنگ کریڈٹ میں 3.8فیصد اضافہ 1489ارب ریال کی صورت میں ہوا۔
ڈاکٹر احمد بن عبدالکریم الخلیفی نے بتایا کہ سعودی عرب اہم اقتصادی تبدیلی کے دور سے گزر رہا ہے ۔ساما قومی اقتصاد کے فروغ اور مالیاتی استحکام کے تحفظ کے حوالے سے مطلوبہ کردار موثر شکل میں جاری رکھے گی اور اقتصادی اصلاحات کی پالیسی پر گامزن رہے گی۔