Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پاکستانی شہری‘ کے لیے انڈین چائے

بظاہر جعلی دکھائی دینے والی یہ ویڈیو انڈیا کے ایک ریٹائڑڈ میجر کے اکاؤنٹ سے ٹویٹ کی گئی ہے۔
27 فروری کو پاکستان نے جب انڈین ونگ کمانڈر ابھینندن ورتھمان کے جہاز کو مار گرانے کے بعد انھیں حراست میں لیا تو اس دوران ان کی ایک ویڈیو جاری کی گئی جس میں انھوں نے ایک سوال کے جواب میں پاکستانی چائے کو بہترین قرار دیا۔
پاکستان کی طرف سے اس ویڈیو کو ثبوت کے طور پر بار بار استعمال کرنے کے بعد اب ایک انڈین اکاؤنٹ سے اس سے ملتی جلتی ایک مبینہ پاکستانی کی ویڈیو ٹویٹ کی گئی ہے۔
بظاہر جعلی دکھائی دینے والی یہ ویڈیو انڈیا کے ایک ریٹائڑڈ میجر گوراوآریا کے اکاؤنٹ سے ٹویٹ کی گئی ہے۔
 اس مبینہ ویڈیو کو سوشل میڈیا پر جعلی بھی قرار دیا جا رہا ہے جس میں شلوار قمیض میں ملبوس ایک نوجوان ایک گلاس میں چائے کا گھونٹ لیتا ہے اور پھر دعویٰ کرتا ہے کہ وہ راولپنڈی کے نواحی علاقے کا رہنے والا ہے اور لشکر طیبہ کا مجاہد ہے اور اس کو انڈین فورسز نے اس کے ایک ساتھی کے ہمراہ  پکڑ لیا۔
اپنے بیان کے آخر میں نوجوان ایک مرتبہ پھر چائے کا گھونٹ لیتا ہے، جس کے بعد اس سے سوال پوچھا جاتا ہے کہ ’اور چائے کیسی لگی؟‘
وہ جواب میں کہتا ہے، ’چائے بہت اچھی لگی۔‘

 

سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کو ابھینندن کے پاکستان میں طیارہ گرائے جانے اور اس کے بعد اس کی پاکستان میں حراست کے واقعے کے اثر کو زائل کرنے کی ایک کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔
ریٹائڑڈ میجر گوراوآریا کی اسی ٹویٹ پردونوں ملکوں کے صارفین دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔
ایک صارف معصوم پرویز نے لکھا ہے کہ ’اوور ایکٹنگ زیادہ ہو گئی ہے‘۔
ایک اور اکاونٹ آدرش کمار سے لکھا گیا ہے، ’پاکستان آرمی، ہی واز ناٹ سپوز ٹو ٹیل دس (پاکستانی فوج، اس کو یہ بتانا نہیں چاہیے تھا)۔
ریٹائڑڈ میجر گوراوآریا  کا اکاؤنٹ کچھ عرصے سے پاکستان اور اس کی فوج کے خلاف ٹویٹس کے لیے استعمال ہو رہا ہے اور اکثر پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کی ٹرالنگ کرتا ہے۔

 

اس سے قبل ایک انڈین پارلیمان کے ایک رکن کا گانا بھی سوشل میڈیا پر کافی زیر بحث رہا تھا جس میں وہ پاکستانی ملی نغمے  کی نقل کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے یہ ملی نغمہ 23 مارچ کو یوم پاکستان کے موقع پر جاری کیا تھا۔
 انڈین سیاست دان کی اس چربہ سازی کو نہ صرف پاکستان بلکہ انڈیا کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تنقید اور مذاق کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
رواں سال مارچ میں انڈین فوج کے ایک ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل نے کہا تھا کہ آئی ایس پی آر نے اطلاعات کی جنگ میں انڈیا کو مکمل طور پر آؤٹ کلاس کیا ہے اور انہیں ’انفارمیشن آپریشن‘ سکھایا ہے۔
اس کے بعد سے ریٹائڑڈ میجر گوراوآریا کا ٹوئٹر اکاونٹ پاکستان اور انڈیا کے تعلقات اور انڈین فوج کی کامیابیوں کے بارے میں بہت زیادہ تبصرے جاری کر رہا ہے۔
 
 
   

شیئر: