Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیگ میں بچہ سمگل کرتے خاتون گرفتار

خاتون پر سمگلنگ کا الزام ثابت ہونے پر 10 سال سے زیادہ کی قید ہو سکتی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
فلپائن حکام نے امریکی خاتون کو نومولود بچے کو سمگل کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔
خاتون چھ مہینے کے بچے کے ساتھ امریکہ کی فلائٹ پر سوار ہونے کی کوشش کر رہی تھیں جب انہیں روک لیا گیا۔ امریکی خاتون نے بچہ اٹھانے والے مخصوص ’سلنگ بیگ’ میں بچے کو اٹھا رکھا تھا۔  
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بچے کے والدین کا تعلق فلپائن کے جنوبی حصے سے ہے۔
42 سالہ جینفر ٹالبٹ نامی خاتون کے پاس بچے کی تحویل کے درست کاغذات موجود نہیں تھے، لیکن اس کے باوجود وہ ایئر پورٹ سیکیورٹی اور امگریشن سے بغیر کسی رکاوٹ کے گزرنے میں کامیاب ہو گئیں۔
جینفر ٹالبٹ منیلا انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے امریکہ جانے والی پرواز پر سوار ہو رہی تھیں کہ انہیں ایئرپورٹ کے روانگی والے گیٹ پر روک لیا گیا۔ پوچھ گچھ کرنے پر حکام نے امریکی خاتون کو جہاز پر سوار ہونے سے روک دیا۔
فلپائن نیشنل بیورو آف انویسٹی گیشن کے حکام کا کہنا تھا کہ خاتون نے نومولود بچے کو بیگ میں ڈال کر گلے میں لٹکایا ہوا تھا اور وہ امریکہ جانے والی فلائٹ پر سوار ہونے کی کوشش کر رہی تھیں۔
حکام نے امریکی خاتون جینفر ٹیلبٹ پر انسانی سمگلنگ کا الزام عائد کرتے ہوئے گرفتار کر لیا۔ حکام کے مطابق اگر الزام ثابت ہو گیا تو خاتون کو دس سال سے زائد قید کی سزا ہو سکتی ہے۔
تفتیش کاروں کے خیال میں بچے کا تعلق فلپائن کے جنوبی حصے میں رہنے والے خاندان سے تھا اور اس کو امریکہ لے جانے کے لیے دارالحکومت منیلا لایا گیا تھا۔
بچے کو حکام نے تحویل میں لے کر فلاہی ادارے کے سپرد کر دیا ہے۔ 

شیئر: