جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے پچاس سے زائد رکن ممالک نے کشمیر کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے علاقے سے کرفیو اٹھانے اور حراست میں لیے گئے افراد کو فوری رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
مشترکہ اعلامیہ پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے انسانی حقوق کونسل میں خطاب کے بعد سامنے آیا۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں پاکستان نے مشترکہ اعلامیہ 50 سے زائد ممالک کی جانب سے پیش کیا۔
ترکی کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’اینادولو‘ کے مطابق ترکی اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے بھی اعلامیے کی ہمایت کی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ انڈیا عالمی میڈیا اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو کشمیر کے دورے کی اجازت دے، انسانی حقوق کا احترام کیا جائے، علاقے میں طاقت خصوصاً پیلٹ گنز کا استعمال بند کیا جائے اور ذرائع مواصلات بحال کیے جائیں۔
اعلامیے میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کمشنر کی سفارشات پر عمل درآمد کرنے کا کہا گیا ہے۔
مشترکہ اعلامیے میں تمام ممالک کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔
انسانی حقوق کی تنظیموں ہیومن رائٹس واچ اور ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی انڈیا سے کشمیر میں کرفیو ہٹانے اور تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے اعلامیے کے نکات ٹویٹ کرتے ہوئے کونسل سے ان پر جلد عمل درآمد کرنے کا کہا۔
Pakistan today also announces the delivery of a historic joint statement on behalf of over 50 countries to the UN Human Rights Council. For this, we asked that the Council immediately take the following steps #HRC42 pic.twitter.com/538RNc5je4
— Shah Mahmood Qureshi (@SMQureshiPTI) September 10, 2019
اس سے قبل پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے انسانی حقوق کونسل کے 42 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ کونسل میں کشمیر کے عوام کی استدعا اور مقدمہ لے کر آئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں، انڈیا نے 80 لاکھ سے زائد کشمیریوں کو چھ ہفتوں سے قید کر رکھا ہے۔ ’انڈیا نے کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا دیا ہے۔‘
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انڈیا نے حریت قیادت کو بھی چھ ہفتوں سے نظر بند رکھا ہوا ہے اور انڈین فورسز کشمیر میں نوجوانوں پر بہیمنانہ تشدد کر ر ہی ہیں۔
مزید پڑھیں
-
’انڈیا نے کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا رکھا ہے‘Node ID: 432956