Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غلاف کعبہ تین میٹر نیچے کر دیا گیا

ماہرین کی ٹیم نے غلاف کعبہ کو نچلے حصے شاذروان سے جوڑنے کا کام مکمل کر لیا ہے۔
غلاف کعبہ کی فیکٹری کے ماہرین نے خانہ کعبہ کا غلاف نیچے کر دیا ہے۔ منگل کو 46 ماہرین کی ٹیم نے غلاف کعبہ کو شاذروان سے جوڑنے کا کام مکمل کر لیا ہے۔

حرمین شریفین کی انتظامیہ ہر سال حج کے موقع پر غلاف کعبہ کو تین میٹر  اونچاکر دیتی ہے۔ حجاج کے اژدھام کی وجہ سے ایسا کیا جاتا ہے۔

 اس کا مقصد حج کے دوران غلاف کعبہ کو محفوظ رکھنا ہوتا ہے۔ حج کے بعد غلاف کو کعبہ کے نچلے حصے شاذروان سے دوبارہ جوڑ دیا جاتا ہے۔

حرمین انتظامیہ کے سیکریٹری احمد المنصوری  نے میڈیا کو بتایا کہ غلاف کعبہ کو نیچے کرنے کی رسم حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس اور دیگر عہدیداران کی موجودگی میں ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ فیکٹری کے ماہرین نے غلاف کعبہ کے آیات والے سنہری حصے کو دوبارہ غلاف پر لگا دیا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق ماہرین نے یہ کام ریکارڈ وقت میں انجام دیا۔ غلاف کعبہ نیچے کرنے کے دوران طواف کا سلسلہ جاری رہا۔ اس بات کا خاص طور پر خیال رکھا گیا کہ کام کے دوران زائرین حرم متاثر نہ ہوں۔

 مسجد الحرام کی انتظامیہ اصلاح و مرمت کے کام عالمی معیار کے مطابق جدید ترین ٹیکنالوجی کی مدد سے کراتی ہے۔ سعودی حکومت حرمین شریفین اور زائرین کی خدمت کو اپنے لیے باعث فخر و سعادت سمجھتی ہے۔

واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: