محکمہ پاسپورٹ نے حج آپریشن کے اختتام کا اعلان کردیا
محکمہ پاسپورٹ نے حج آپریشن کے اختتام کا اعلان کردیا
پیر 16 ستمبر 2019 19:36
حجاج کی رخصتی آسان بنانے کے لیے جدید ترین آلات استعمال کیے گئے
محکمہ پاسپورٹ نے حج آپریشن کے اختتام کا اعلان کر دیا ہے۔
محکمے کے اعلامیے کے مطابق پیر 16 ستمبر تک 18 لاکھ 42 ہزار 14حاجی مملکت سے روانہ ہوچکے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمہ پاسپورٹ نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی بری، بحری اور فضائی سرحدوں میں حجاج کی آمد اور واپسی کا آپریشن کامیابی کے ساتھ مکمل ہوگیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حجاج کو تمام سرحدی چوکیوں پر تیز اور بہتر سہولت فراہم کرنے کے لیے اضافی عملہ تعینات کیا گیا تھا اور ان کی آمد و رخصتی کو آسان بنانے کے لیے جدید ترین آلات استعمال کیے گئے۔ جعلی دستاویزات کا انکشاف کرنے والی ایڈوانسڈ مشینیں بھی استعمال کی گئیں تھیں۔
محکمہ پاسپورٹ نے کہا ہے کہ حج آپریشن میں محکمے کا کام حجاج کا استقبال اور انہیں رخصت کرنا ہی نہیں تھا بلکہ اس میں میڈیا ذرائع میں آگہی مہم بھی شامل تھی۔
حج آپریشن دو حصوں پر مشتمل تھا۔ پہلا حصہ حج سے پہلے کا تھا جس میں مملکت آنے والے حاجیوں کو سہولتیں فراہم کرنا تھیں۔ یہ مرحلہ آخری حج فلائٹ کے بعد اختتام کو پہنچ گیا تھا۔ بعدازاں حج کی ادائیگی کے بعد حجاج کی واپسی کا دوسرا مرحلہ تھا جو آج پیر کو اختتام پذیر ہوا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں