ریت کے ذرات سے گاڑیوں کا رنگ بھی خراب ہوتا ہے: فوٹو اے ایف پی
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں ان دنوں موسم گرد آلود رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہائی ویز پرسفر کرنے والے خاص کر ریاض اور مشرقی ریجن میں جانے والے ہائی وے پر اپنی گاڑیوں کو گرد وغبار کو محفوظ رکھنے کےلیے مخصوص کوڈنگ کروالیں تاکہ انکی گاڑیوں کا پینٹ متاثر نہ ہو۔
ماہر موسمیات عبدالعزیز نے مزید کہا کہ ریاض ریجن میں گرد وغبار کے طوفان کی توقع ہے جس کی وجہ سے ہائی وے پر اڑنے والی ریت سے ڈرائیوروں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ تیز ہوائیں اور گرد وغبار سے جہاں حد نگاہ اثرانداز ہوتی ہے وہ ریت کے ذرات سے گاڑیوں کا رنگ بھی خراب ہونے کا اندیشہ ہوتا ہے۔
الحصینی نے مزید کہا کہ اپنی گاڑیوں میں سفر کرنے والے کوشش کریں کہ صبح فجر کے بعد سفر کا آغاز کریں اور گرد کے طوفان کے وقت خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ وہ افراد جو ان دنوں ریاض یا مشرقی ریجن جاتے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ گاڑیوں پر خصوصی حفاظتی کوڈنگ کریں۔
سبق نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات نے اطلاع دی ہے کہ ریاض اور مشرقی ریجن میں کویت اور مشرقی علاقے کی جانب سے آنے والی تیز ہواؤں سے علاقہ گردوغبار کی لپیٹ میں رہے گا ۔
واضح رہے ان دنوں سعودی عرب کے مشرقی اور مغربی علاقوں میں تیزہوائیں چلتی ہیں جس کے باعث وہ علاقے جہاں حد نگاہ تک صحرا پھیلے ہوئے ہیں وہاں گاڑیوں میں سفر کرنے والوں کو کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ تیز ہوائیں صحرائی ریت سے شاہراہ کو چھپا دیتی ہیں جس کی وجہ سے ڈرائیوروں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ریتلی آندھی کی وجہ سے شاہراہوں پرحد نگاہ انتہائی محدود ہو جاتی ہے اور اس حوالے سے مخصوص مقامات پر شہری دفاع اور پولیس پیٹرولنگ پارٹی کے گشت میں بھی اضافہ کر دیا جاتا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی حالت میں فوری امدادی کارروائی کی جاسکے۔
ان دنوں سعودی عرب کے صحرائی علاقوں میں سفر کرنے والے اپنی گاڑیوں پر مخصوص کیمیکل کا سپرے کرتے ہیں جس کی وجہ سے ان کی گاڑیوں کا رنگ ریت کے ذرارت سے محفوظ رہتا ہے۔ مخصوص مواد نہ لگانے والے جب ان شاہراہوں سے گزرتے ہیں تو انکی گاڑی کا رنگ بھی خراب ہو جاتا ہے۔ تیز آندھی کے ساتھ صحرائی ریت گاڑیوں پر اس طرح اثرانداز ہوتی ہے جسے کسی نے ' ریگ مال ' سے رنگ کو خراب کر دیا ہے ۔
وہ ڈرائیور جو ریاض یا مشرقی ریجن کی ہائی وے پرمستقل طور پر کرتے رہتے ہیں انہوں نے اپنی گاڑیوں کی حفاظت کے لیے ونڈ شیلڈ اور بونٹ پر مخصوص شفاف کوڈنگ کی ہوتی ہے تاکہ ان کی گاڑی متاثرنہ ہو۔
تاہم وہ افراد جواس موسم میں کبھی کبھی ان شاہراہوں پر جاتے ہیں وہ عارضی طور پرمخصوص کیمیکل اپنی گاڑی پر لگا لیتے ہیں جبکہ اکثر لوگ برتن دھونے وال لیکویڈ صابن اپنی گاڑیوں کے بونٹ پر لگا لیتے ہیں جس سے ریت کے ذرات سے گاڑیوں کا رنگ خراب نہیں ہوتا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں