Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اولمپکس کے لیے پاکستان ہاکی کا چیلنج

ہالینڈ کے خلاف اولمپکس کوالیفائر کھیلنے سے قبل جرمنی سے دو میچز ہوں گے۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان ہاکی ٹیم کو ٹوکیو اولمپکس 2020 میں جگہ بنانے کے لیے سخت چیلنج درپیش ہے۔
اولمپکس میں شرکت یقینی بنانے کے لیے قومی ہاکی ٹیم کو ہالینڈ سے کھیلے جانے والے دو کوالیفائر میچ جیتنا ضروری ہیں۔ یہ دونوں میچ ہالینڈ کے شہر ایمسٹرڈیم میں 26 اور27 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔
 قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور منیجر خواجہ جنید نے میڈیا کو بتایا کہ ’ہم مانتے ہیں کہ دونوں اہم میچ ہیں اور ہمارے لیے اولمپک میں جگہ بنانے کے لیے ان میچوں میں فتح لازمی ہے۔‘
خواجہ جنید نے کہا کہ ہالینڈ کی ٹیم عالمی درجہ بندی میں تیسرے نمبر کی ٹیم ہے، ان کی تیاری کا معیار ہم سے کہیں بہتر ہے تاہم اس بات سے قطع نظر ہم پوری کوشش کریں گے کہ مثبت انداز میں کھیلیں اور اولمپک کے لیے کوالیفائی کرسکیں۔

حالیہ برسوں میں پاکستان کی عالمی ہاکی رینکنگ میں بہت زیادہ تنزلی آئی ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

 ہالینڈ کے خلاف اولمپک کوالیفائر سے قبل پاکستان ہاکی فیڈریشن کی درخواست پر جرمنی کی ٹیم قومی ٹیم سے دو میچ کھیلنے پر رضا مند ہوگئی ہے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق جرمن ہاکی ٹیم قومی ہاکی ٹیم کے ساتھ دو پریکٹس میچ 22 اور 23 اکتوبر کو کھیلے گی۔ 
پاکستان ہاکی ٹیم 19یا 20اکتوبر کو ہالینڈ روانہ ہوگی اور وہاں سے جرمنی جائے گی۔ جرمن ٹیم سے دو میچز کھیلنے کے بعد پاکستانی ہاکی ٹیم واپس ہالینڈ جا کر 26 اور 27 اکتوبر کو اولمپکس کوالیفائر میچز کھیلے گی۔
 

شیئر: