Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین کوچنگ سٹاف پاکستان نہیں آئے گا

سابق انڈین کھلاڑی انجو جین بنگلہ دیش ویمن ٹیم کی ہیڈ کوچ ہیں۔ فوٹو گیٹی امیجز
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ آئندہ ماہ پاکستان اور بنگلہ دیش کی ویمن کرکٹ ٹیموں کے درمیان پاکستان میں ہونے والی سیریز کے لیے بنگلہ دیش ٹیم کی انڈین کوچز ٹیم کے ہمراہ پاکستان کا دورہ نہیں کریں گی۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اتوار کو جاری ہونے والے ایک بیان میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ اگر شیڈول کے مطابق پاکستان کے ساتھ سیریز کا انعقاد ہوا تو بنگلہ دیش ٹیم کی ہیڈ کوچ انجو جین، اسسٹنٹ کوچ دیویکا پالشیکر اور ٹرینر کاویتا پانڈے پاکستان نہیں جائیں گی۔
خیال رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کی ویمن ٹیموں کے درمیان 26 اکتوبر سے چار نومبر تک تین ٹی20 اور دو ایک روزہ میچز کی سیریز لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں شیڈول ہے تاہم سیریز کا حتمی فیصلہ بنگلہ دیشی حکومت کی جانب سے پاکستان میں سکیورٹی کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔

دیویکا پالشیکر بنگلہ دیش ویمن کرکٹ ٹیم کی اسسٹنٹ کوچ ہیں۔ فوٹو: دی ڈیلی سٹار

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی گورننگ باڈی کے سربراہ ناظم الدین چوہدری نے اے ایف پی کو بتایا کہ حکام کی جانب سے یہ فیصلہ ٹیم اور کوچنگ سٹاف کو پیش آنے والی متوقع سفری پیچیدگیوں سے بچنے کے لیے کیا گیا ہے۔
’جس وقت بنگلہ دیش کی ایک ٹیم پاکستان کا دورہ کر رہی ہو گی اسی وقت ایک دوسری ٹیم سری لنکا کے دورے پر جائے گی، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم کوچنگ سٹاف کو پاکستان کے بجائے سری لنکا بجھیجیں گے۔‘
واضح رہے کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان مسئلہ کشمیر کی وجہ سے تعلقات ایک بار پھر کشیدہ ہیں۔ انڈین حکومت کی جانب سے پانچ اگست کو کشمیر کی خصوصی آئینی حثیت کے خاتمے کے بعد سے دونوں ملکوں کی باہمی تجارت بھی بند ہے۔

بنگلہ دیش کی ٹیم کا دورہ پاکستان آئندہ ماہ متوقع ہے۔ فوٹو: آئی سی سی

ناظم الدین کے مطابق پاکستان اور بنگلہ دیش کی ویمن ٹیموں کے درمیان سیریز کو حتمی شکل دینے کے لیے باقاعدہ کام کا آغاز کر دیا گیا ہے اور اسی تناظر میں بنگلہ دیشی حکام پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری ون ڈے سیریز کے دوران سکیورٹی کے انتظام دیکھنے کے لیے کسی اہلکار کو پاکستان بھیجنے کا منصوبہ بنا رہی ہیں۔
2009 میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر لاہور میں دہشت گردانہ حملے کے بعد سے بین الاقوامی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کرنے سے گریزاں ہیں۔
بنگلہ دیش کی ویمن کرکٹ ٹیم نے پاکستان کا آخری دورہ 2015 میں کیا تھا۔

شیئر: