واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ فوٹو: سی این این
فرانس میں چاقو بردار شخص کے حملے کے دوران4 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ جوابی کارروائی میں حملہ آور بھی مارا گیا۔
واقعہ دارالحکومت پیرس کے پولیس ہیڈ کوارٹر میں ہوا ہے جہاں ایک اطلاع کے مطابق حملہ آور نے اپنے 4ساتھیوں کو قتل کر دیا جس کے بعد جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسے گولی مار کر ہلاک کردیا گیا۔
اے ایف پی کے مطابق پولیس یونین کے عہدیدار لوئس ٹریورس نے بتایا کہ ایسا لگتا ہے کہ جھگڑا آفس میں شروع ہوا اور اس کے بعد حملہ آور نے پولیس کمپاﺅنڈ کے مختلف حصوں میں لوگوں کو نشانہ بنایا۔
فرانسیسی میڈیا کے مطابق حملہ آور ایک 45 سالہ شخص تھا جو 20 سال سے پولیس ہیڈ کوارٹرز کے انٹیلی جنس ڈویژن میں انتظامی حیثیت سے کام کر رہا تھا اور اس کی مبینہ طور پر اپنے افسران سے چپقلش چل رہی تھی۔
حملے میں زخمی ہونے والوں کی تعداد کا علم نہیں ہو سکا تاہم ایک پولیس اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ حملے میں ایک شخص زخمی بھی ہوا جس کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر اطراف کے علاقوں کی ناکہ بندی کر کے اضافی پولیس اہلکار تعینات کردیے جبکہ قریبی میٹرو اسٹیشن کو بند کرکے سروس معطل کردی گئی۔
سی این این کے مطابق پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کی اہلیہ کو حراست میں لے لیاہے تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ اس کی اہلیہ کو کیوں گرفتار کیا گیا۔