Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 تارکین وطن کے لیے پہلا پولیس سٹیشن

خصوصی عدالتوں کی سمری بھی وزارت قانون و انصاف کو بھیج دی گئی ۔
اسلام آباد میں بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے خصوصی پولیس سٹیشن کا افتتاح کردیا گیا ہے۔ یہ خصوصی پولیس سٹیشن پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بھی جلد قائم کیے جائیں گے۔
خصوصی پولیس سٹیشن کے قیام سے ملک بھر میں کہیں بھی بیرون ملک پاکستانیوں کیساتھ مالی دھوکہ دہی، زمینوں پر قبضے اور ان کی دیگرقانونی شکایات نمٹانے میں مدد ملے گی۔
عرب نیوز اورپاکستان کے سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی سید ذوالفقار عباس بخاری نے گذشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ کے ہمراہ پولیس سٹیشن کا افتتاح کیا۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی سرمایہ کاری کو تحفظ فراہم کیا جائے گا۔

  ذوالفقار بخاری کا کہنا تھا کہ’ خصوصی پولیس سٹیشن کا قیام بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی سہولت کے لیے ہمارے منشور کا حصہ تھا ۔آج یہ وعدہ پورا کردیا ہے‘۔ 
 ’بیرون ملک پاکستانیوں کی غیر موجودگی کے باعث ان کے مسائل التوا کا شکار رہتے ہیں۔ قانونی شکایات کے ازالے کے لیے پولیس اور اوور سیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کا ایک چھت تلے بیرون ملک پاکستانیوں کی مدد کریں گے۔ مستقبل قریب میں ان اقدامات کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا‘۔
 وزیر اعظم کے معاون خصوصی کے مطابق’ بیرون مک پاکستانیوں کے مقدمات تیزی سے نمٹانے کے لیے خصوصی عدالتوں کے قیام کی سمری بھی وزارت قانون و انصاف کو بھیج دی۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مقدمات کا فیصلہ دو سے تین ماہ میں ہو سکے گا‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ’ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں، ان کے مسائل کو جلد حل کرنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں‘۔
ذوالفقار بخاری کا کہنا تھا کہ مختلف شعبوں میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی سرمایہ کاری کو بھی تحفظ فراہم کیا جائے گا۔

اس وقت 76 لاکھ پاکستانی دنیا کے مختلف ملکوں میں مقیم ہیں۔

یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے حالیہ دورہ سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب میں زمینوں پر قبضے اور دیگر شکایات کے ازالے کے لیے خصوصی پولیس سٹیشن اور سپیشل کورٹس بنانے کا اعلان کیا تھا۔
واضح رہے کہ 76 لاکھ پاکستانی دنیا کے مختلف ملکوں میں مقیم ہیں۔ ان کی بڑی تعداد سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں ہے۔ 
بیرون ملک مقیم پاکستانی ترسیلات زر بھیج کر اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرکے قومی معیشت میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ میں شامل ہوں

شیئر: