Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فرانسیسی قونصل جنرل کی غلاف کعبہ فیکٹری آمد

غلاف کعبہ کی تیاری پر تقریباً22ملین سعودی ریال لاگت آتی ہے۔ فوٹو: واس
مملکت میں فرانس کے قونصل جنرل مصطفی مھراج نے مکہ مکرمہ کے کنگ عبدالعزیز کمپلیکس میں غلاف کعبہ فیکٹری کا دورہ کیا۔غلاف کعبہ فیکٹری آمد پر کمپلیکس کے ڈائریکٹر جنرل ہشام علاءالدین نے انکا اسقبال کیا۔
سعودی پریس ایجنسی (واس) کے مطابق اس موقع پر قونصل جنرل کو بریفنگ دی گئی جس میں غلاف کعبہ کی تیاری کے حوالے سے مختلف معلومات فراہم کی گئیںاور اس کے مختلف حصوں کا دورہ کیا۔ قونصل جنرل مصطفی مھراج نے پسندیدگی کا اظہار کیا ۔اس موقع پر فرانسیسی قونصل جنرل نے بھی غلاف کعبہ کی تیارمیں حصہ لیا۔
غلاف کعبہ کی تیاری کے لیے 670 کلوگرام سے زیادہ خالص ریشم اس کے علاوہ 120کلو گرام سونے کے دھاگے اور 100کلو گرام چاندی کے دھاگوں کا استعمال ہوتا ہے۔
غلاف کعبہ کی تیاری کے لیے 200 سعودی شہری کام کرتے ہیں جو اس غلاف کے معیار اور اس میں ہونے والے مختلف کاموں کو انجام دیتے ہیں۔اس کے علاوہ انتظامی اہلکاربھی تعینات ہیں۔

مخصوص قرآنی آیات سونے کے دھاگوں سے تیار ہوتی ہیں۔فوٹو: واس

غلاف کعبہ کے عہدیداروں نے اس موقع پر قونصل جنرل کو بتایا کہ غلاف کعبہ کی تیاری میں جدید ترین مشینوں کا انتظام ہے ۔عہدیدار نے بتایا کہ غلاف کی تیاری میں مختلف باتوں کا خاص خیال بھی رکھا جاتا ہے اور یہی اس کمپلیکس کا خاصا ہے۔
اس موقع پر عہدیدار نے بتایا کہ اعلیٰ قیادت اپنے تمام تر وسائل غلاف کعبہ کی تیاری پر صرف کئے ہوئے ہے اور اس کے لئے حرمین شریفین کی اعلیٰ انتظامیہ کے سربراہ عبدالرحمن السدیس اپنی خدمات اس کے لیے صرف کئے ہوئے ہیں۔ان کی انتھک محنت اور کوششو ں کا نتیجہ ہے کہ کمپلیکس میں آج غلاف کعبہ جدید آلات کی مدد سے تیار کیا جاتا ہے۔
غلاف کی تیاری کا کام کرنے والے تمام اہلکار انتہائی محنت اور دیانت سے اپنا فرائض انجام دیتے ہیں اور وہ جدید آلات کے استعمال سے بخوبی آگاہ ہیں۔
عہدیدار نے بریفنگ میں کہا کہ غلاف کعبہ 5حصو ں پر مشتمل ہوتا ہے اور 4حصے کعبہ شریف کے اطراف کے لیے ہے اور پانچواں حصہ دروازے کا پردہ ہوتا ہے جو ایک ساتھ ہوتے ہیں۔
 انہوں نے کہا ہے کہ کسوہ( غلاف کعبہ ) میں مخصوص قرآنی آیات بھی تحریر ہیں جو سونے کے دھاگوں سے تیار ہوتی ہیں۔
واضح رہے کہ غلاف کعبہ کی تیاری پر تقریباً 5.9ملین ڈالر (22ملین سعودی ریال) لاگت آتی ہے۔
آخر میں فرانس کے قونصل جنرل نے خادم حرمین شریفین ، ولی عہد اور اعلیٰ انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور غلاف کعبہ فیکٹری کی دیکھ اور اس کے کام کی تعریف کی۔ 

شیئر: