سعودی عرب میں مزید امریکی فوجی تعینات کرنے کی منظوری
سعودی عرب میں مزید امریکی فوجی تعینات کرنے کی منظوری
ہفتہ 12 اکتوبر 2019 8:24
امریکی وزیر دفاع نے سعودی ولی عہد کو اضافی فوج کی تعیناتی سے آگاہ کیا۔ فائل فوٹو اے ایف پی
امریکہ نے سعودی عرب میں دفاعی ساز و سامان سمیت 3 ہزار اضافی فوجی تعینات کرنے کی منظوری دی ہے۔
امریکی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر نے مزید دو پیٹریاٹ بیٹریاں، بیلسٹک میزائل دفاعی نظام، دو فائٹر اسکواڈرن اور ایک فضائی ونگ تعینات کرنے کی اجازت دی ہے۔‘
’امریکی وزیر دفاع نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو اضافی فوج کی تعیناتی سے آگاہ کیا اور انہیں مملکت کے دفاع کو بڑھانے کا یقین دلایا ہے۔‘
عرب نیوز کے مطابق بعد ازاں امریکی وزیر دفاع نے صحافیوں کو بتایا کہ سعودی عرب میں اضافی امریکی فوج کی تعیناتی سعودی قیادت کے ساتھ بات چیت کے بعد کی گئی ہے، جس کا بنیادی مقصد ایرانی جارحیت سے مزید تحفظ حاصل کرنا ہے۔
گذشتہ جولائی میں بھی پینٹاگون نے 500 امریکی فوجی بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔ فائل فوٹو اے پی
امریکہ کی جانب سے یہ فیصلہ تیل تنصیبات پر حملے کے بعد سعودی عرب کے دفاع کو بڑھانے کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق پینٹاگان نے کہا کہ ’ایرانی حکومت سے الجھنا نہیں چاہتے مگر کسی بھی طرح کے خطرات کا جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔‘
یاد رہے کہ سعودی عرب میں تیل تنصیبات پر حملے اور ایران کے خلاف نئی پابندیوں کے فیصلے کے بعد بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں مزید امریکی فوج اور دفاعی ساز وسامان بھیجنے کی منظوری دی تھی۔
امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر نے پینٹاگون میں نیوز بریفنگ کے دوران بتایا تھا کہ سعودی عرب کی درخواست کے جواب میں صدر ٹرمپ نے مزید فوج تعینات کرنے کی منظوری دی ہے۔ وزیر دفاع نے واضح کیا تھا کہ فوجیوں کی تعیناتی دفاعی نوعیت کی ہو گی۔ اس کا مقصد فضائی اور میزائل ڈیفنس ہے۔
ایران کی جانب سے مبینہ خطرات سے نمٹنے کے پیش نظر امریکہ نے دفاعی میزائل سسٹم پیٹریاٹ اور جنگی بحری بیڑے ’یو ایس ایس آرلنگٹن‘ اور ’یو ایس ایس ابراہم لنکن‘ پہلے ہی خلیج میں تعینات کر رکھے ہیں۔
واضح رہے کہ گذشتہ جولائی میں بھی پینٹاگون نے 500 امریکی فوجی سعودی عرب بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔