سعودیوں کو پرانی کلاسیکل گاڑیاں رکھنے کا شوق جنون کی حد تک ہے ۔ فوٹو سعودی محکمہ ٹریفک
پاکستان اور انڈیا سمیت سعودی عرب میں بھی کلاسیکل گاڑیاں رکھنے اور انہیں محفوظ کرنے کا رواج پایا جاتا ہے۔سعودی محکمہ ٹریفک نے اعلان کیا ہے کہ کوئی بھی سعودی شہری یا مقیم غیر ملکی ایسی گاڑیوں سے سفر کا مجاز نہیں جنہیں یادگار کے طور پر رکھا گیا ہو۔
اخبار 24کے مطابق سعودی محکمہ ٹریفک نے کہا کہ جو سعودی اور غیر ملکی یادگار کے طور پر محفوظ گاڑی کو سڑک پر لائے گا اس پر کم از کم 500 اور زیادہ سے زیادہ 900 ریال کا جرمانہ ہوگا۔ گاڑی کو سڑک پر لانا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں میں شامل ہے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب میں کلاسیکل گاڑیو ںکی باقاعدہ نمائش بھی ہوتی ہے جس میں شائقین بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں اور وہ ان گاڑیوں کو سج دھج کے ساتھ پیش کرتے ہیں۔
سعودی شہریوں کو پرانی کلاسیکل گاڑیاں رکھنے کا شوق جنون کی حد تک ہے۔ ایسی گاڑیاں رکھنے میں سعودی دنیا بھر میں سرفہرست آچکے ہیں۔ وہ اس پر بڑی رقمیں خرچ کرچکے ہیں۔ کئی شہری اپنے گھروں کوکلاسیکل گاڑیوں کے میوزیم میں تبدیل کرچکے ہیں۔
مملکت میں کلاسیکل گاڑیوں کے میلے بھی ہورہے ہیں۔ حال ہی میں قصیم ریجن کے دارالحکومت بریدہ میں کلاسیکل گاڑیوں کا میلہ لگا تھا جس میں 350کے لگ بھگ گاڑیاں لائی گئی تھیں۔