سعودی عرب اورکویت مشترکہ علاقے سے تیل نکالنے پر متفق
سعودی عرب اورکویت مشترکہ علاقے سے تیل نکالنے پر متفق
اتوار 20 اکتوبر 2019 20:33
سعودی عرب اور کویت کا مشترکہ علاقہ 5770 مربع کلو میٹر پر مشتمل ہے۔ فائل فوٹو
سعودی عرب اور کویت نے مشترکہ علاقے سے تیل نکالنے کے اصولی سمجھوتے پر اتفاق کرلیا ہے۔
سمجھوتے پر آئندہ 30 تا 45 دن میں عمل درآمد شروع ہونے کی توقع ہے۔
عکاظ اخبار کے مطابق کویتی پارلیمنٹ کے اسپیکر مرزوق علی الغانم نے مشترکہ علاقے سے تیل کی پیداوار کی بحالی پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
کویتی پارلیمنٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ’صرف یہی تبصرہ کیا جاسکتا ہے کہ اللہ کا شکر ہے کہ گتھی سلجھ گئی۔ برادر ممالک گتھیاں اسی طرح سلجھاتے ہیں‘۔
مرزوق علی الغانم کے مطابق دونوں پڑوسی برادر ملکوں سعودی عرب اور کویت کے تعلقات بے مثال ہیں۔
بلومبرگ کے مطابق باخبر ذرائع کا کہناہے کہ دونوں ملکو ںکے حکام کئی ماہ سے مشترکہ علاقے سے تیل پیداوار پر معاہدے کے لیے مذاکرات کررہے تھے۔ ابھی اصولی معاہدہ ہوا ہے۔ دستخط کے بعد ہی معاہدہ حتمی شکل اختیار کرے گا۔
ذرائع کا کہناہے کہ ’الخفجی‘ آئل فیلڈ مشترکہ علاقے میں واقع ہے۔ اس سے تیل کی پیداوار فوراً بحال کی جاسکتی ہے۔ ایک اور آئل فیلڈ ’الوفرہ‘ ہے اس سے تیل پیداوار کی بحالی میں 3 سے6 ماہ لگیں گے۔
کویت اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ علاقہ 5770 مربع کلو میٹر پر مشتمل ہے۔ اس سے یومیہ 5لاکھ بیرل تیل نکالا جاسکتا ہے۔یہ دونوں ملکوں کی سرحدوں پر واقع ہے۔
ذرائع کا یہ بھی کہناہے کہ الخفجی اور الوفرہ آئل فیلڈ سے نکالا جانے والا اضافی تیل بین الاقوامی منڈیوں میں نہیں بھیجا جاسکے گا۔سبب یہ ہے کہ دونوں ملک تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک کے ممبر ہیں اور کوٹے کے پابند ہیں۔
4 برس قبل کویت اور سعودی عرب کے درمیان اختلاف پیدا ہوجانے پر مشترکہ علاقے میں تیل پیداوار کا کام روک دیا گیا تھا۔
کویت کے نائب وزیر خارجہ خالد الجار اللہ نے مشترکہ علاقے کی بابت معاہدے کی اطلاعات پرکویتی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ انتہائی مثبت ماحول میں مذاکرات چل رہے ہیں۔
یاد رہے کہ سعودی عرب اور کویت نے1922ءکے دوران دونوں ملکوں نے سرحدی حد بندی کی تھی تاہم اس وقت مشترکہ علاقے کی سرحدیں متعین نہیں ہوئی تھیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں