Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یونان میں41 غیر قانونی تارکین وطن افغان باشندے گرفتار

یونانی پولیس کے مطابق 7 افراد کو ابتدائی طبی امداد بھی فراہم کی گئی، فوٹو: اے ایف پی
یونان کی پولیس نے ملک کے شمالی علاقے سے ایک ریفریجریٹر ٹرک سے ڈرائیور سمیت 41 غیر قانونی تارکین وطن کو حراست میں لے لیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق تارکین وطن بظاہر افغانستان کے شہری لگتے ہیں، ان میں سے زیادہ تر کی صحت بہتر ہے جبکہ سات افراد کو ہسپتال میں ابتدائی طبی امداد دی گئی۔
پولیس کے ایک ذریعے نے اے ایف پی کو بتایا کہ ٹرک میں مرد اور لڑکے موجود تھے اور ان کی حتمی شناخت کے لیے دو روز درکار ہوں گے۔
پولیس نے بتایا کہ اس نے زانتھی اور کوموٹنی کے قصبوں کے درمیان اگنیشیا موٹروے پر ایک ٹرک کو روکا تو اس میں 41 غیر قانونی تارکین موجود تھے، پولیس نے جارجیا سے تعلق رکھنے والے ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے۔

یونانی پولیس نے جارجیا سے تعلق رکھنے والے ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کر لیا، فوٹو: روئٹرز

مقامی میڈیا کے مطابق پولیس اس واقعے سے تعلق رکھنے والے ایک ترک شہری کی بھی تلاش میں ہے۔
ان تارکین وطن کی گرفتاری برطانیہ میں 10 روز قبل ایک کنٹینر سے 39 افراد کی لاشیں برآمد ہونے کے بعد عمل میں لائی گئی ہے۔ کہا گیا ہے کہ برطانیہ میں مرنے والے تمام افراد ویت نام کے شہری تھے۔
جمعے کو فرانس میں اٹلی کی سرحد کے قریب فرینچ پولیس نے معمول کے گشت کے دوران موٹروے پر ایک ٹرک کو چیک کیا جس میں 31 غیر قانونی پاکستانی تارکین چھپے ہوئے تھے۔
فرینچ حکام نے ان پاکستانیوں کو حراست میں لے کر قانونی کارروائی کے لیے اٹلی کے حکام کے حوالے کر دیا تھا۔

شیئر:

متعلقہ خبریں