قریشی نے کہا کہ بلاول صیحح جگہ شکوہ کریں اور شواہد دیں۔ فوٹو: اے ایف پی
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بلاول اپنے والد آصف علی زرداری کی میڈیکل رپورٹ جمع کرائیں، انہیں بھی علاج کے لیے ریلیف دیں گے۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’بلاول صیح جگہ شکوہ کریں۔ شواہد دیں اور ان (شریف فیملی) کی طرح میڈیکل رپورٹس جمع کرائیں تو یقیناً انسانی ہمدردی پر کوئی انکار نہیں کرتا۔‘
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے بیرون ملک جانے کی راہ میں حائل قانونی رکاوٹوں کو دور کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نواز شریف کو علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دے گی۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کا نام ایگزیٹ کنٹرول لسٹ میں شامل ہے جس کے باعث ان پر بیرون ملک سفر کرنے پر پابندی عائد ہے۔
شہباز شریف نے جمعے کے روز وفاقی وزارت داخلہ کو سابق وزیراعظم کا نام ای سی ایل سے خارج کرنے کی درخواست دی تھی جس پر ابھی تک حکومت نے فیصلہ نہیں کیا۔
دوسری جانب شریف خاندان کے قریبی افراد کے مطابق نواز شریف کی بیرون ملک سفر کے لیے تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔ نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے خارج ہوتے ہی وہ بیرون ملک روانہ ہو جائیں گے۔
مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما سینیٹر پرویز رشید نے اردو نیوز کے نامہ نگار زبیر علی کو بتایا کہ ’سابق وزیراعظم کی بیرون ملک سفر کرنے کے حوالے سے ٹکٹ اور دیگر سفری دستاویز مکمل کی جارہی ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم چاہتے ہیں کہ سابق وزیراعظم جلد از جلد بیرون ملک چلے جائیں کیونکہ ان کو اس وقت علاج کی اشد ضرورت ہے۔‘
شاہ محمود قریشی کے مطابق ڈاکٹروں نے نواز شریف کو علاج کے لیے بیرون ملک بھیجنے کا مشورہ دیا ہے۔ ’حکومت نے ڈاکٹروں کی رائے کو اہمیت دی، دعا ہے کہ نواز شریف جلد صحت یاب ہو اور سیاست میں دوبارہ حصہ لے۔‘
سابق وزیراعظم نوازشریف کب بیرون ملک روانہ ہوں گے اس سوال کے جواب میں سینیٹر پرویز رشید نے بتایا کہ ’جیسے ہی ان کا نام ای سی ایل سے خارج کر دیا جائے گا تو وہ بیرون ملک روانہ ہوجائیں گے۔‘
نوازشریف کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سات سال قید کی سزا سنائی تھی جس کے بعد ان کو لاہور کی کوٹ لکھپت جیل منتقل کر دیا گیا تھا۔
نوازشریف کی بگڑتی ہوئی صحت کے پیش نظر اسلام آباد ہائی کورٹ نے انہیں آٹھ ہفتوں کے لیے طبی بنیادوں پر ضمانت دے رکھی ہے تاہم عدالتی فیصلے کے مطابق اس دوران وہ ضمانت میں توسیع کے لیے حکومت پنجاب سے رجوع کر سکتے ہیں۔
دوسری جانب سابق وزیراعظم کی بیٹی مریم نواز کو لاہور ہائی کورٹ نے چوہدری شوگر ملز کیس میں ضمانت پر رہا تو کر دیا ہے تاہم عدالتی احکامات کے مطابق ان کا پاسپورٹ لاہور ہائی کورٹ میں جمع ہے جس کی وجہ سے وہ بیرون ملک سفر نہیں کر سکتیں۔